نگراں وزیراعلیٰ، مشاورت کیلئے بلایا گیا اجلاس ملتوی

سکردو (محمد اسحاق جلال) نگراں وزیراعلیٰ کی تقرری کیلئے اسلام آباد میں گیارہ نومبر کو وزارت امور کشمیر و گلگت بلتستان اسلام آباد آفس میں بلایا گیا۔ اجلاس وزیراعلی کی ملک میں عدم موجودگی کے باعث آج (بارہ نومبر) تک کیلئے ملتوی کردیا گیا اور اجلاس آج سہہ پہر 2 بجے وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان کے دفتر میں منعقد ہوگا جس میں وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان انجینئر امیر مقام وزیراعلی حاجی گلبرخان اور اپوزیشن لیڈر کاظم میثم شریک ہونگے۔ وزیراعلیٰ کی ملک میں عدم موجودگی کی وجہ سے اجلاس ری شیڈول کیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ بیرون ملک سے آج واپس پہنچیں گے اور نگراں وزیراعلیٰ کی تقرری کے لئے بلائے گئے مشاورتی اجلاس میں شرکت کریں گے۔ ذرائع کے مطابق وزارت اعلیٰ کی دوڑ میں وقار منڈوق، راجہ نظیم الامین، محمد علی قائد، برگیڈئیر (ر) بشارت، سلیمان ولی، جواہر علی راکی، میر افضل، شیر جہاں میراور سید طاہر علی شاہ شامل ہیں۔ ان تمام ناموں پر آج ہونے والے اہم اجلاس میں وفاقی وزیر وزیراعلیٰ اور اپوزیشن لیڈر میں مشاورت ہوگی۔ ان ناموں پر اتفاق رائے نہ ہونے کی صورت میں معاملہ وزیراعظم کی میز پر پہنچے گا اور وزیراعظم کونسل کے چیئرمین کی حیثیت سے نگراں وزیراعلیٰ کی تقرری کریں گے۔ کے پی این سے بات چیت کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر کاظم میثم نے کہا ہے کہ ہماری خواہش ہے کہ کسی صالح، دیانتدار، باکردار لائق فائق شخصیت کو نگراں وزیراعلیٰ بنایا جائے تاکہ الیکشن کی شفافیت کو یقینی بنایا جاسکے۔ ہماری کوشش ہے کہ معاملہ مقامی سطح پر نمٹایا جائے اور یہ معاملہ وزیراعظم کی میز پر نہ پہنچے ہم چاہتے ہیں کہ غیر جانبدار شخصیت کو وزارت اعلیٰ کا منصب دیا جائے۔ اس میں ہماری کوئی ذاتی دلچسپی نہیں ہے ہم پورے خطے کے بارے میں سوچ رہے ہیں۔ یہی میری جماعت اور متحدہ اپوزیشن کا موقف ہے۔ نگراں وزیراعلیٰ کی پوسٹ بہت حساس ہے جب تک وزیراعلیٰ غیر جانبدار نہیں ہوگا تب تک انتخابی عمل صاف و شفاف نہیں ہوگا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں