چلاس،گندلونالہ کے قریب بھاری لینڈ سلائیڈنگ، چھ گاڑیاں دب گئیں

چلاس (بیورو رپورٹ) چلاس گندلو نالہ کے قریب بھاری لینڈ سلائیڈنگ سے 6مسافر گاڑیاں دب گئیں،درجنوں مسافر معجزانہ طور پر بچ گئے اور متعدد لوگ بھاگ کر جانیں بچانے میں کامیاب ہوگئے۔ پولیس کے مطابق منگل کے روز چلاس سے 30کلومیٹر کی مسافت پر گندلو نالہ کے قریب مولاداد پڑی کے مقام پر اچانک لینڈ سلائیڈنگ کے باعث چھ مسافر گاڑیاں دب گئیں جس کے نتیجے میں متعدد مسافر معجزانہ طور پر بچ گئے اور کئی افراد بھاگ کر جانیں بچانے میں کامیاب ہوگئے۔ پولیس کو اطلاع ملنے پر ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئی اور دبی گاڑیوں کو ملبے سے نکال کر روڈ کو آمد و رفت کیلئے کھول دیا گیا۔ لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے روڈ پر ٹریفک آمد و رفت کئی گھنٹوں تک معطل رہی اور دبی گاڑیوں کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ ترجمان جی بی حکومت نے بتایا کہ وزیراعلیٰ گلگت بلتستان نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ریسکیو عمل تیز کرنے کی ہدایت کردی جبکہ ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔ فیض اللہ فراق نے بتایا کہ گندلو کے قریب لینڈ سلائیڈنگ سے کوئی جانی نقصان کی تصدیق نہیں ہوئی، کچھ مسافر گاڑیوں سے چھلانگ لگاکر جانیں بچانے میں کامیاب ہوگئے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں