گلگت (پ ر) وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان نے اسلام آباد کچہری کے باہر فتنہ خوارج کی جانب سے کئے گئے خودکش دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ بزدلانہ کارروائی امن و انسانیت پر حملہ ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ وزیر اعلی گلگت بلتستان نے مزید کہا ہے کہ یہ وطن ہمارے شہدا کی قربانیوں سے قائم ہے، دہشت گردی کی یہ سیاہ رات زیادہ دیر برقرار نہیں رہ سکتی۔ انہوں نے کہا کہ معصوم شہریوں کا خون بہانے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ قوم متحد ہے امن دشمنوں کو کسی صورت کامیاب ہونے نہیں دینگے۔ وزیر اعلیٰ نے دھماکے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔ گلگت معاونِ خصوصی برائے اطلاعات گلگت بلتستان ایمان شاہ نے بھی اسلام آباد کچہری کے باہر ہونے والے افسوسناک خودکش دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ بزدلانہ کارروائی انسانیت، امن اور ریاستِ پاکستان کے خلاف کھلی جنگ ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام دہشت گردوں کے ناپاک عزائم کو کبھی کامیاب نہیں ہونے دے گی۔ معاون خصوصی نے دھماکے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کی۔
قوم متحد،امن دشمنوں کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے، وزیراعلیٰ
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل







