ٹیم میں رہنا ہے تو ڈومیسٹک کرکٹ کھیلو، بی سی سی آئی نے کوہلی اور روہت کو واضح کر دیا

kohli

بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے سینیئر پلیئرز روہت شرما اور ویرات کوہلی کی بھارتی ٹیم میں سلیکشن کے حوالے سے بظاہر شرط رکھ دی۔

ویرات کوہلی اور روہت شرما ٹیسٹ اور ٹی ٹوئنٹی سے پہلے ہی ریٹائر ہوچکےہیں اور صرف ون ڈے فارمیٹ کھیلنے کیلئے اہل ہیں۔

دونوں کھلاڑیوں کی ورلڈکپ 2027 تک ٹیم میں جگہ بنانے پر بھی کئی سوالات اٹھ رہے تھے۔

تاہم بھارتی میڈیا کے مطابق کوہلی اور روہت کی ٹیم میں شمولیت کے لیے بی سی سی آئی نے شرط رکھی ہے کہ انہیں ڈومیسٹک ٹورنامنٹس میں شرکت کرنا ہوگی۔

رپورٹس کے مطابق ٹیسٹ اور ٹی ٹوئنٹی میچز نہ ہونے کی وجہ سے روہت اور ویرات کو آئندہ وجے ہزارے ٹرافی میں حصہ لینے کا مشورہ دیا گیا ہے تاکہ وہ میچ فٹنس برقرار رکھ سکیں۔

ایک بورڈ عہدیدار کا کہنا ہے کہ ٹیم مینجمنٹ اور بورڈ نے دونوں کھلاڑیوں کو صاف بتا دیا ہے کہ اگر وہ بھارت کے لیے کھیلنا چاہتے ہیں تو انہیں ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنی ہوگی۔ چونکہ وہ دو فارمیٹس سے ریٹائر ہو چکے ہیں، اس لیے فٹ رہنے کے لیے انہیں ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنی لازمی ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق روہت شرما نے اپنی دستیابی کی تصدیق کر دی ہے اور وہ ممبئی کرکٹ ایسوسی ایشن کو اپنی شرکت کے بارے میں آگاہ کر چکے ہیں۔

دوسری جانب کوہلی کی شرکت تاحال غیریقینی ہے، کیونکہ وہ اس وقت اپنی فیملی کے ساتھ لندن میں مقیم ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں