ہالی ووڈ کے سب سے بڑے فلم ایوارڈ آسکر کے لیے پہلی مرتبہ کسی مسلمان اور پاکستانی نژاد کو لیڈ رول میں بہترین ادارکاری کے ایوارڈ کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔
برطانیہ سے تعلق رکھنے والے 38 سالہ پاکستانی نژاد برطانوی ادا کار رز احمد کے نام سے معروف رضوان احمد کو ’’ساؤنڈ آف میٹل‘‘ میں مرکزی کردار میں بہترین اداکاری کی وجہ سے ایوارڈ کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔
یہ فلم راک اینڈ رول ڈرمر ریوبن کی کہانی ہے جس میں نشے کی لت کے باعث اس کی زندگی میں آنے والی تباہی اور پھر اس سے چھٹکارے کی جدوجہد کو دکھایا گیا ہے۔
امریکی خبر رساں ادارے سے بات کرتے ہوئے احمد کا کہنا تھا کہ انہوں نے ریوبن کے کردار کی ادائیگی کو حقیقت سے قریب تر بنانے کے لیے خفیہ طور پر عادی شرابیوں کی محفلوں میں بیٹھ کر ان کی حرکات و سکنات اور انداز گفتگو کا مشاہدہ کیا۔ اس کے علاوہ ڈرمرز کے خاص اشاروں کی زبان کو بھی سمجھا۔







