اوپن اے آئی نے بھارت کے تمام صارفین کو چیٹ جی پی ٹی کا ماہانہ فیس والا ایک ماڈل مفت دینے کا اعلان کیا ہے۔
کمپنی کی جانب سے اعلان کیا گیا کہ چیٹ جی پی ٹی گو پلان ایک سال تک بھارتی صارفین کو مفت دستیاب ہوگا۔
اس کے لیے محدود عرصے کے اندرانہیں چیٹ جی پی ٹی گو پلان پر سائن اپ ہونا ہوگا۔
البتہ یہ واضح نہیں کیا گیا کہ یہ پیشکش کتنے عرصے تک دستیاب ہوگی، مگر اس کا آغاز 4 نومبر سے ہوگا۔
کمپنی کے مطابق ابھی جو افراد چیٹ جی پی ٹی گو کے صارفین ہیں، وہ بھی ایک سال کے مفت پلان کے اہل ہوں گے۔
بھارت میں چیٹ جی پی ٹی گو کی ماہانہ فیس 5 ڈالرز سے کم ہے۔
درحقیقت چیٹ جی پی ٹی گو کو سب سے پہلے اگست میں بھارت میں ہی متعارف کرایا گیا تھا جسے بعد میں پاکستان سمیت دیگر ایشیائی ممالک تک توسیع دی گئی۔
بھارت دنیا کا سب سے زیادہ آبادی والا ملک ہے جہاں 70 کروڑ سے زائد افراد اسمارٹ فونز استعمال کرتے ہیں جبکہ ایک ارب سے زائد انٹرنیٹ سروسز استعمال کرتے ہیں، اسی لیے یہ اوپن اے آئی کے لیے اہم مارکیٹ ہے۔
درحقیقت امریکا کے بعد چیٹ جی پی ٹی کے سب سے زیادہ صارفین بھارت سے تعلق رکھتے ہیں مگر یہاں کمپنی کے لیے ماہانہ فیس والے پروگرامز کی جانب لوگوں کو متوجہ کرنے میں مشکلات کا سامنا ہو رہا ہے۔
اوپن اے آئی کی حریف کمپنیاں گوگل اور دیگر کی جانب سے بھی بھارت میں قدم جمانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔







