صرف 20 دن میں نئے بال، نئی ریسرچ نےگنج پن کے شکار افراد کیلئے نئی امید پیدا کردی

gang

سائنس دانوں نے بالوں کے جھڑنے (گنج پن) کا آسان علاج دریافت کرلیا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق نیشنل تائیوان یونیورسٹی کے محققین نے ایک سیرم (serum) تیار کیا ہے جس کے لگانے سے چوہوں میں بالوں کی افزائش ممکن ہوئی ہے۔

نیشنل تائیوان یونیورسٹی کی تحقیقی ٹیم میں شامل پروفیسر سنگ جان لِن کا کہنا ہے کہ چوہوں کے جسم کے جن حصوں کی جلد پر ہلکی خارش یا جلن پیدا کی گئی تھی وہاں چند دنوں میں نئے بال نکلنا شروع ہوگئے۔

انہوں نے بتایا کہ تحقیقات کے لیے انہوں نے نر و مادہ چوہوں کی پیٹھ کے بال منڈوا کر ایک کیمیکل سوڈیم ڈوڈیسائل لگایا تاکہ اس سے ہلکا قسم کا ایگزیما پیدا ہو، اس سے تقریباً 10 سے 11 دن کے بعد ان حصوں پر نئے بال اگنا شروع ہوگئے جب کہ بغیر کیمیکل والے حصوں میں ایسا کچھ نہیں ہوا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ میں نے اس سیرم کا ابتدائی ورژن خود پر بھی آزمایا ہے، میں نے ذاتی طور پر ان فیٹی ایسڈز کو جو الکوحل میں حل کیے گئے تھے 3 ہفتوں تک اپنی ٹانگوں پر لگایا اور میں نے پایا کہ اس سے بالوں کی دوبارہ نشوونما ہوئی ہے۔

ماہرین کے مطابق یہ کیمیکل جلد کے نیچے موجود چربی والے مدافعتی خلیوں کو سگنل دیتا ہے تاکہ وہ فیٹی ایسڈز خارج کریں، یہ فیٹی ایسڈز بالوں کے اسٹیم سیلز میں جذب ہو کر بالوں کی افزائش اور نشو و نما شروع ہو جاتی ہے۔

ماہرین کا کہنا ہےکہ لیب تجربات میں اس سیرم نے جِلد میں موجود چربی کے خلیات کو متحرک کردیا جنہوں نے بالوں کے فولیکلیز کو دوبارہ پیدا کیا، اس سیرم میں قدرتی طور پر حاصل شدہ فیٹی ایسڈز شامل ہیں جو جِلد میں جلن پیدا نہیں کرتے۔

انہوں نے بتایا کہ انسانی بالوں کے فولیکل پر لیب میں کیے گئے تجربات میں بھی مثبت نتائج ملے ہیں اور کسی سنگین اثر کی توقع نہیں ہے۔

تاہم محققین کا کہنا ہے کہ یہ طریقہ ابھی بڑے پیمانے پر انسانی آزمائش سے نہیں گزرا، اس کے لیے اگلا مرحلہ اہم ہوگا جس میں اس کی انسانوں پر باقاعدہ آزمائش کی جائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں