ایپل کے نئے آئی فون میں ایسی ٹیکنالوجی کا اضافہ جسکا پہلے تصور بھی نہیں کیا گیا تھا

apple

ایپل کی آئی فون 17 سیریز ستمبر میں متعارف کرائی گئی تھی۔

اب آئی فون 18 سیریز ستمبر 2026 میں پیش کیے جانے کا امکان ہے، مگر اس کے حوالے سے لیکس کا سلسلہ شروع ہوچکا ہے۔

آئندہ سال کے آئی فون 18 پرو ماڈلز میں ایک ایسی اپ ڈیٹ کیے جانے کا امکان ہے جو اب تک کسی اسمارٹ فون میں موجود نہیں۔

ایک نئی لیک میں بتایا گیا کہ آئی فون 18 پرو اور پرو میکس میں سیٹلائیٹ کنکٹویٹی کو مزید بہتر بنایا جائے گا۔

خیال رہے کہ آئی فون 14 سیریز میں ایپل نے سیٹلائیٹ کنکٹویٹی کے ذریعے ایمرجنسی ایس او ایس کا فیچر متعارف کرایا تھا، مگر نئی اپ ڈیٹ سے ایسے علاقوں میں انٹرنیٹ کا استعمال ممکن ہو جائے گا جہاں ابھی یہ سروس دستیاب نہیں۔

آئی فونز میں دستیاب سیٹلائیٹ فیچر ابھی ایمرجنسی ایس او ایس، فائنڈ مائی ڈیوائس اور روڈ سائیڈ اسسٹنس تک محدود ہے۔

مگر دی انفارمیشن کی ایک رپورٹ میں بتایا گیا کہ کمپنی کی جانب سے آئی فون 18 پرو ماڈلز میں 5 جی سیٹلائیٹ انٹرنیٹ سپورٹ فراہم کیے جانے کا امکان ہے۔

اس طرح صارفین کو روایتی نیٹ ورک کی ضرورت نہیں ہوگی بلکہ وہ براہ راست سیٹلائیٹس کے ذریعے انٹرنیٹ تک رسائی حاصل کرسکیں گے۔

اگر یہ درست ہوا تو آئی فون 18 اولین سیریز ہوگی جس میں سیٹلائیٹ انٹرنیٹ رسائی دستیاب ہوگی۔

اس اقدام سے دور دراز کے علاقوں میں سفر کے دوران صارفین کو انٹرنیٹ کے استعمال میں مسائل کا سامنا نہیں ہوگا۔

اس سے قبل ایک رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ 2026 میں ایپل کی جانب سے نئے آئی فونز متعارف کرانے کے لیے نئی حکمت عملی اپنائی جائے گی۔

آئی فون 18 پرو ماڈلز تو ستمبر میں پیش کیے جائیں گے مگر اسٹینڈرڈ آئی فون 18 کو مارچ 2027 میں متعارف کرایا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں