گوگل نے اینڈرائیڈ ڈیوائسز کے لیے کروم ویب براؤزر میں صارفین کے لیے کارآمد تبدیلی کی ہے۔
9 ٹو 5 گوگل کی ایک رپورٹ کے مطابق گوگل کی جانب سے اینڈرائیڈ ڈیوائسز کے لیے کروم براؤزر میں نیو ٹیب پیج میں 2 نئے شارٹ کٹس کا اضافہ کیا گیا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ گوگل کی جانب کروم میں 2 نئے بٹنز کا اضافہ کیا گیا ہے۔یہ بٹن سرچ گوگل فیلڈ کے نیچے موجود ہیں، جن میں سے ایک اے آئی موڈ اور دوسرا انکوگینٹو موڈ کا شارٹ کٹ ہے۔
اس طرح انکوگینٹو موڈ کا استعمال اب زیادہ آسان ہوگیا ہے اور اوپر دائیں جانب موجود تھری ڈاٹ مینیو میں جانے کی ضرورت نہیں رہے گی۔
دوسرا بٹن بنیادی طور پر گوگل ڈاٹ کام اے آئی کا شارٹ کٹ ہے۔اس پر کلک کرنے پر گوگل سرچ میں موجود اے آئی موڈ تک براہ راست رسائی حاصل ہوگی۔
اس سے قبل گوگل نے ستمبر 2025 میں اعلان کیا تھا کہ 2008 میں متعارف کرائے جانے کے بعد اب کروم کو مکمل طور پر ری ڈیزائن کیا جا رہا ہے۔
اس موقع پر کمپنی نے بتایا تھا کہ گوگل کروم میں سب سے بڑی اور نمایاں تبدیلی اے آئی موڈ کا اضافہ ہے۔گوگل سرچ کے اس نئے آپشن کو براہ راست گوگل ایڈریس بار کا حصہ بنایا جا رہا ہے۔
اب صارفین مختصر سرچ اصطلاحات کی بجائے طویل سوالات ٹائپ کرسکیں گے اور پیج سے نکلے بغیر جواب حاصل کرسکیں گے۔یہ فیچر پیج پر موجود مواد کے حوالے سے بھی کارآمد ہوگا۔







