سابق آئی سی سی میچ ریفری کرس براڈ نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی بھارت نوازی کا پول کھول دیا۔
برطانوی اخبار ٹیلی گراف سے بات کرتے ہوئے آئی سی سی کے سابق میچ ریفری کرس براڈ نے بتایا کہ بھارت کے خلاف کوڈ آف کنڈکٹ کے معاملے پر ہاتھ ہلکا رکھنے کو کہا گیا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ ایک میچ میں بھارتی ٹیم 4 اوور پیچھے تھی، سلو اوور ریٹ کا فائن یقینی بنتا تھا، مجھے ایک فون کال موصول ہوئی اور کہا گیا کہ کوئی حل نکالو، ہاتھ ہلکا رکھو، کیوں کہ یہ بھارت ہے۔
کرس براڈ کے مطابق فون کال کے بعد میں نے ٹائم کیلکولیشن میں موقع نکالا تھا، اگلے میچ میں ساروو گنگولی نے دبارہ وہی حرکت کی اور آفیشلز کی ایک نہ سنی، میں نے جب پوچھا کہ ایسا پھر ہوا ہے، اب کیا کرنا ہے، تو کہا گیا کہ صرف گنگولی کو سزا دیں۔
سابق آئی سی سی میچ ریفری کرس براڈ کا کہناہے کہ کھیل میں کافی سیاست شامل ہے، اب لوگ سیاسی پیچیدگی سمجھ کر فیصلے کرتے، سارا پیسہ بھارت کے پاس ہے، اس نے عملی طور پر آئی سی سی پر قابو کرلیا ہے۔
کرس براڈ نے کہا کہ مطمئن ہوں کہ اب آئی سی سی میچ آفیشلز کا حصہ نہیں کیوں کہ یہ کافی سیاسی پوزیشن ہوگئی ہے۔







