ڈنمارک:
ہم جانتے ہیں کہ درختوں کے اندر بننے والے دائروں سے نہ صرف ان کی عمر معلوم کی جاسکتی ہے بلکہ وہ موسمیاتی احوال بھی بیان کرتے ہیں۔ لیکن اب انکشاف ہوا ہے کہ سینگ والی وھیل کی ایک قسم ناروھیل کا سینگ اپنے اندر بہت سے ماحولیاتی راز رکھتا ہے۔
کسی درخت کے دائروں کی مانند، ناروھیل کے سینگ پر ہر سال ایک دائرہ نموپذیر ہوتا ہے اور اس کے جائزے سے نہ صرف اس کی غذا، عادات اور دیگر عوامل کا پتا ملتا ہے بلکہ اطراف کے ماحول کا ادراک بھی کیا جاسکتا ہے۔
اس ضمن میں ڈنمارک کی آرہس یونیورسٹی نے دس جانوروں کے سینگ دیکھے ہیں جو شکاریوں کےہاتھوں پہلے ہی مارے جاچکے تھے۔ واضح رہے کہ جسے ہم سینگ قرار دیتے ہیں وہ نر وھیل کا لمبا دانت ہوتا ہے جو سینگ کی صورت میں چہرے سے باہر دکھائی دیتا ہے۔







