وفاقی کابینہ کااجلاس،نیب اور ایف بی آئی کے مابین مفاہمتی یادداشت دستخط کرنے کی اجازت

وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے کرونا وباء کی موجودہ صورتحال پر بریفنگ دی۔ کابینہ کو بتایا گیا کہ برطانیہ سے آنے والے مسافروں کی نگرانی کی جا رہی ہے اور کرونا ویکسین کے حوالے سے حتمی فیصلہ عنقریب لے لیا جائے گا۔ کابینہ کو بتایا گیا کہ کرونا وباء کی دوسری لہر کے دوران پاکستان طبی سامان کے لحاظ سے خود کفیل ہو چکا ہے، جس میں وینٹی لیٹر، ماسک اور دیگر سامان ملک کے اندر ہی بنایا اور استعمال کیا جا رہا ہے۔ کابینہ اجلاس کے جاری اعلامیہ کے مطابق پیٹرولیم ڈویژن نے کابینہ کو ملک میں گیس کی دستیابی کے حوالے سے بریفنگ دی۔ وزارت داخلہ اور سی ڈی اے نے کابینہ کو مارگلہ روڈ اسلام آباد پر تجاوزات ہٹانے کے حوالے سے درکار وقت کے بارے آگاہ کیا۔ کابینہ کو آگاہ کیا گیا کے وزارت دفاع نے بلڈنگ پلان کی منظوری کیلئے سی ڈی اے کو باضابطہ درخواست دے دی ہے۔ Eـ9 سیکٹر میں موجود شادی ہال کا کنٹریکٹ منسوخ کر دیا گیا ہے۔ مارگلہ روڈ پر حفاظتی دیوار کو 6 مہینے کی مدت میں اپنی منظور شدہ حدود کے اندر منتقل کر دیا جائے گا۔ اسی سیکٹر سے گزرنے والے نالے کی صفائی کے لئے 3 مہینوں میں ویٹ لینڈتعمیر کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ پاکستان نیوی، پاکستان ایئرفورس اور سی ڈی اے کی شراکت سے ان سیکٹرز میں ٹریفک کے دباؤ کو کم کرنے کے لئے انڈر پاس تعمیر کیا جائے گا۔ کابینہ کو اس بات کی یقین دہانی کرائی گئی کہ اسلام آباد کے اندر کسی بھی سبزے کو ختم یا تعمیرات کیلئے مختص نہیں کیا جائے گا۔ کابینہ نے سی ڈی اے کو اسلام آباد میں اسپیشل ٹیکنالوجی زون قائم کرنے کیلئے 120 ایکڑ زمین مختص کرنے کی اجازت دی۔کابینہ نے گلگت بلتستان میں تین سال کے لئے فرنٹیئر کانسٹیبلری تعینات کرنے کی منظوری دی۔یہ تعیناتی محکمہ جنگلات، جنگلی حیات اور ماحولیات گلگت بلتستان کے ساتھ ہو گی تاکہ قدرتی وسائل کا تحفظ ممکن  بنایا جا سکے۔ کابینہ نے ڈاکٹر محمد سعید خان جدون کو ڈائریکٹر جنرل، ہائیڈروکاربن ڈویلپمنٹ انسٹی ٹیوٹ آف پاکستان تعینات کرنے کی منظوری دی۔ کابینہ نے وزارت صحت کو 219.30 ملین روپے جاری کرنے کی منظوری دی جوکہ اسلام آباد میں حالیہ تکمیل شدہ آئسولیشن ہسپتال و انفیکشنزٹریٹمنٹ سینٹر کو فعال بنانے کے لئے استعمال ہوگی۔ کابینہ نے ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آ ف پاکستان میں 16 وفاقی ڈرگ انسپکٹرز کی تعیناتی اوران کادائرہ کارمختص کرنے کے منظوری دی۔ کابینہ نے جاوید غنی کو چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو تعینات کرنے کی منظوری دی۔ کابینہ نے  قومی احتساب بیورو (NAB)اور امریکہ کی فیڈرل بیورو آف انوسٹی گیشن(FBI) کے مابین مفاہمتی یادداشت دستخط کرنے کی اجازت دی۔ اسکے علاوہ کابینہ نے نجکاری کمیٹی کے 24 دسمبر2020 ء کو منعقدہ اجلاس میں لئے گئے فیصلوں کی توثیق کی۔کابینہ نے اقتصادی رابطہ کمیٹی کے24 دسمبر2020 ء کو منعقدہ اجلاس میں لئے گئے فیصلوں کی توثیق کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں