ویسے تو اکثر والدین اسکولوں کی فیسوں میں اضافے پر شکایت کرتے ہوئے نظر آتے ہیں۔
مگر دنیا کے مہنگے ترین اسکول کی فیس ہوش اڑا دینے والی ہے۔
سوئٹزر لینڈ میں واقعی انسٹیٹیوٹ لی روزے نامی بورڈنگ اسکول سوئس کینٹن Vaud کے علاقے Rolle میں واقع ہے۔
1880 سے کام کرنے والا یہ اسکول حقیقی دنیا کا ہوگورٹس بھی قرار دیا جاتا ہے جس میں معاشرے کے منتخب افراد کو ہی داخلہ ملتا ہے۔
یہ بس ایک تعلیمی ادارہ نہیں بلکہ اپنے اندر ایک پوری دنیا کی طرح ہے، جہاں خصوصی تدریسی کورسز، سرگرمیوں اور دیگر سے طالبعلموں کی زندگی کو بہتر بنایا جاتا ہے۔
یہ دنیا کے بہترین 150 پرائیویٹ اسکولوں میں شامل ہے۔
اس اسکول کی بنیاد 1880 میں پال ایمیلی کرنال نے رکھی تھی۔
اس اسکول کا ایک ونٹر کیمپس میں سوئس علاقے برن کے اسکائی ریزورٹ ولیج موجود ہے جہاں عملہ اور طالبعلم جنوری سے مارچ کے دوران قیام کرتے ہیں۔
اسکول کا مین کیمپس Rolle میں واقع ہے۔
پال ایمیلی نے اسکول کے لیے اس علاقے کا انتخاب اس لیے کیا کیونکہ انہیں فطرت اور تاریخ سے محبت تھی اور یہ کیمپس اس کی عکاسی کرتا ہے۔
اسکول کا ایک اور کیمپس جھیل جنیوا کے کنارے پر واقع ہے۔
اگرچہ یہ اسکول امیر ترین افراد کے لیے مخصوص ہے مگر اس میں لڑکیوں کو پہلی بار داخلہ 1967 میں ایک علیحدہ کیمپس میں دیا گیا۔
اس اسکول میں داخلہ لینا آسان نہیں اور اس کے لیے سخت شرائط کو پورا کرنا ہوتا ہے۔
جیسے بچہ تدریسی کام کرنے کے قابل ہو، انگلش اور/یا فرنچ زبانوں میں مہارت حاصل ہو۔
طالبعلم نسل پرست، پرتشدد اور بگڑا ہوا نہ ہو جبکہ سیکھنے کے حوالے سے کسی قسم کی معذوری کا شکار نہ ہو۔
اس کے ساتھ ساتھ طالبعلم کا سابقہ تدریسی ریکارڈ بھی بہترین ہونا ضروری ہے اور ایسی کوئی اچھی وجہ بھی ثابت کرنا ہوگی جس سے معلوم ہو کہ آخر اسے لی روزے میں داخلہ کیوں دیا جائے۔
طالبعلم کو مالی استحکام کا ثبوت بھی دینا ہوتا ہے کیونکہ وہاں فیس کی ادائیگی میں تاخیر کی اجازت نہیں۔
اسکول کی انتظامیہ کا دعویٰ ہے کہ اسے طالبعلموں کی فیس سے ہی آمدنی ہوتی ہے۔
یہ اسکول سالانہ ڈیڑھ لاکھ امریکی ڈالرز (4 کروڑ 23 لاکھ پاکستانی روپے سے زائد) بورڈنگ فیس لیتا ہے جبکہ روزانہ آنے جانے والے طالبعلموں سے سالانہ 65 ہزار ڈالرز (ایک کروڑ 83 لاکھ پاکستانی روپے سے زائد) فیس لی جاتی ہے۔
اس اسکول میں طالبعلموں کو 3 سے 4 زبانیں سیکھائی جاتی ہیں اور یہاں 58 ممالک سے تعلق رکھنے والے طالبعلموں کو تعلیم دی جاتی ہے۔
یہ بھی یقینی بنایا جاتا ہے کہ کلاس روم میں زیادہ طالبعلم نہ ہوں اور ہر گریڈ میں زیادہ سے زیادہ 20 طالبعلم ہوتے ہیں۔
مجموعی طور پر 400 کے قریب طالبعلم وہاں زیرتعلیم ہیں جن کے لیے 90 اساتذہ ہیں اور 200 کے قریب دیگر عملہ ہے۔
اس اسکول کا کیمپس 28 ہیکٹر رقبے پر پھیلا ہوا ہے اور وہاں ہر چیز موجود ہے جس کی کسی بچے کو ضرورت ہوسکتی ہے، یہاں تک کہ 38 یاٹس بھی موجود ہیں۔
انڈور اور آؤٹ ڈور پولز، ٹینس کورٹس، شوٹنگ رینج، تیر اندازی کا سیکشن، گھڑ سواری کا مرکز، تھیٹر، لائبریری، لیبارٹریز اور آرٹ سینٹر وغیرہ سب یہاں موجود ہیں۔







