پاکستان میں 15 ستمبر سے ایچ پی وی ویکسین لگانے کی قومی مہم شروع کی جا رہی ہے۔ حکام کے مطابق ملک بھر میں نو سے 14 سال عمر کی لڑکیوں کو سرنج کے ذریعے یہ ویکسین دی جائے گی تاکہ انھیں بچہ دانی سے جڑے سرویکل کینسر سے بچایا جا سکے۔
ماہرین کے مطابق سرویکل یعنی بچہ دانی کے منھ پر بننے والے کینسر کی تشخیص سکریننگ کے ذریعے ممکن ہے تاہم غفلت، تشخیص یا علاج میں تاخیر کے باعث یہ سب سے جان لیوا کینسرز میں سے ایک ہے۔
پاکستان کے وزیر صحت مصطفی کمال نے بی بی سی کو بتایا کہ ویکسینیشن مہم کے پہلے مرحلے میں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، پنجاب، سندھ اور پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں بچیوں کو 15 ستمبر سے 27 ستمبر تک ویکسین لگوائی جا سکے گی۔ جبکہ دوسرے مرحلے میں خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں اس مہم کو شروع کیا جائے گا۔
اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر (ڈی ایچ او) ڈاکٹر راشدہ بتول نے بی بی سی کو بتایا کہ پاکستان میں ہر سال اندازاً پانچ ہزار خواتین سرویکل کینسر کا شکار ہوتی ہیں اور ان میں سے تین ہزار خواتین کی موت اسی بیماری کی وجہ سے ہوتی ہے۔







