ویڈیو شیئرنگ سائٹ یوٹیوب نے صارفین کے لیے آمدنی کا حصول مزید آسان بنا دیا ہے۔
نیویارک میں میڈ آن یوٹیوب نامی ایونٹ کے موقع پر کمپنی کی جانب سے صارفین کے لیے ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم سے کمانے کے نئے ذرائع کا اعلان کیا گیا۔
کمپنی کے مطابق اب صارفین برانڈ ڈیلز اور یوٹیوب شاپنگ پروگرام سے مزید پیسے کما سکیں گے۔
اس کے ساتھ ساتھ کمپنی نے پراڈکٹ ٹیگز کے لیے ویڈیوز میں آٹو ٹائم اسٹیمپس اور آٹو آئٹمز (اہل اشیا کے لیے) ٹیگنگ کو متعارف کرایا ہے جبکہ شارٹس کے لیے بھی ایک نیا برانڈ لنک فیچر یوٹیوب کا حصہ بنایا گیا ہے۔
برانڈ اسپانسر شپ کے لیے نئی حکمت عملی سے صارفین کو طویل ویڈیوز میں برانڈز کو شامل کرنے کا موقع ملے گا۔
اس کا یہ بھی مطلب ہے کہ جب کسی برانڈ سے معاہدہ مکمل ہو جائے گا تو صارفین اسپانسر شپ کو ویڈیو سے ہٹا کر اس سلاٹ کو کسی اور برانڈ کو فروخت کرسکیں گے۔
کمپنی کے مطابق اس نئے فیچر کی آزمائش اگلے سال کے شروع میں محدود صارفین میں کی جائے گی۔
کمپنی کی جانب سے آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) ٹیکنالوجی پر مبنی سسٹم کو استعمال کرکے صارفین کو ویڈیو میں کسی پراڈکٹ کا حوالہ دینے کے لیے بہترین لمحے کا انتخاب کرنے میں مدد فراہم کی جائے گی اور خودکار طور پر پراڈکٹ ٹیگ کو اس ٹائم پر دکھایا جائے گا۔
یوٹیوب نے بتایا کہ یہ فیچر رواں سال کے آخر تک صارفین کو دستیاب ہوگا۔
شارٹس بنانے والے صارفین بہت جلد کسی برانڈ سائٹ کے لنک کو ویڈیو میں ایڈ کرسکیں گے، جس سے ناظرین کے لیے پراڈکٹس کو تلاش کرنا اور خریدنا آسان ہو جائے گا۔
اس سے صارفین برانڈ پارٹنرز کو نتائج دکھا سکیں گے۔
یوٹیوب نے یہ بھی اعلان کیا کہ اس کی جانب سے بہت جلد برانڈز کو ایسے صارفین کے بارے میں بتایا جائے گا جو کریٹیر پارٹنر شپ کے لیے بہترین ہوں گے۔
یہ گوگل ایڈز (ads) میں ایک ٹیب ہے جس سے برانڈز کو کریٹیرز سے رابطے میں مدد ملتی ہے۔
مزید براں یوٹیوب کی جانب سے یوٹیوب شاپنگ پروگرام کو مزید صارفین اور مارکیٹوں بشمول برازیل میں توسیع دینے کا اعلان کیا ہے۔
کمپنی نے بتایا کہ گزشتہ 4 برسوں کے دوران اس کی جانب سے صارفین، آرٹسٹس اور میڈیا کمپنیوں کو 100 ارب ڈالرز سے زائد ادا کیے گئے ہیں۔







