ایپل کے نئے آئی فون ماڈلز میں فاسٹ چارجنگ سپورٹ موجود ہے۔
آئی فون 17، 17 پرو اور 17 پرو میکس محض 20 منٹ میں 50 فیصد تک چارج ہوسکتے ہیں جبکہ آئی فون ائیر 30 منٹ میں 50 فیصد چارج ہوگا۔
یہ بات حیران کن نہیں بلکہ آپ مایوس ہوں گے کیونکہ فاسٹ چارجنگ کے لیے اضافی خرچے کی ضرورت ہوگی۔
جی ہاں واقعی ایپل کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق آئی فون 17 یا 17 پرو ماڈلز 20 منٹ میں 50 فیصد تک اسی صورت میں چارج ہوسکیں گے جب کمپنی کے نئے 40 واٹ ڈائنامک پاور اڈاپٹر ود 60 واٹ میکس کو استعمال کیا جائے گا۔
ویسے تو یہ کسی چارجر کے لیے بہت عجیب نام ہے مگر یہ 40 واٹ چارجر محدود وقت تک (15 منٹ کے قریب) 60 واٹ سپورٹ فراہم کرتا ہے۔
زیادہ اہم بات یہ ہے کہ اس چارجر میں کمپنی نے نئے ایڈجسٹ ایبل والٹیج سپلائی (اے وی ایس) پروٹوکول کو استعمال کیا ہے جبکہ پرانے چارجرز میں پروگرام ایبل پاور سپلائی (پی پی ایس) پروٹوکول کو استعمال کیا جاتا تھا۔
اے وی ایس سے ڈیوائس (یعنی آئی فون) کی جانب سے مخصوص والٹیج کی درخواست کی جاتی ہے جو کہ ہائی پاور ڈیوائسز کے لیے بہترین ہے۔
مگر پرانے پی پی ایس چارجر بھی آسانی سے 40 اور 60 واٹ کو ہینڈل کرسکتے ہیں۔
مسئلہ یہ ہے کہ آپ کے گھر میں موجود یو ایس بی چارجر اے وی ایس کو سپورٹ نہیں کرتے بلکہ پی پی ایس کو سپورٹ کرتے ہیں۔
تو نئے آئی فونز پر پرانے یو ایس بی چارجر فاسٹ چارجنگ کی سہولت فراہم نہیں کرسکیں گے بلکہ 39 ڈالرز کا نیا چارجر خریدنا ہوگا۔
یہاں ایک دلچسپ حقیقت یہ ہے کہ یہ نئے چارجر پی پی ایس پروٹول پر کام کرنے والی ڈیوائسز کے لیے زیادہ کارآمد نہیں۔







