واٹس ایپ میں نیا ٹرانسلیشن فیچر متعارف

whatsapp

میٹا کی زیر ملکیت میسجنگ ایپ واٹس ایپ نے ڈیوائس کے اندر میسجز کا ترجمہ کرنے کی سہولت فراہم کر دی ہے۔

یہ نیا آن ڈیوائس ٹرانسلیشن فیچر صارفین کو ایپ سے نکلے بغیر ہی چیٹس کا فوری ترجمہ کرنے میں مدد فراہم کرے گا۔

اینڈرائیڈ اور آئی او ایس ڈیوائسز کے لیے یہ فیچر 180 ممالک کے صارفین کے لیے متعارف کرایا گیا ہے۔

اینڈرائیڈ فونز میں اس فیچر کے تحت انگلش، اسپینش، ہندی، پرتگیز، رشین اور عربی زبانوں کی سپورٹ دستیاب ہوگی۔

آئی او ایس ڈیوائسز میں 19 زبانوں کی سپورٹ ایپل ٹرانسلیشن کے تحت دستیاب ہوگی۔

واٹس ایپ کی جانب سے جاری ایک بیان میں بتایا گیا کہ صارفین اب مختلف زبانوں کے میسجز کا ترجمہ چند سیکنڈوں میں دیکھ کر اس کے مطابق جواب دے سکیں گے۔

اینڈرائیڈ فونز میں اس فیچر کو استعمال کرنے کے لیے مطلوبہ میسج کو کچھ دیر تک دبا کر رکھیں اور پھر اوپر دائیں کونے میں موجود تھری ڈاٹ مینیو پر کلک کرکے ٹرانسلیٹ اور پھر لینگوئج کا انتخاب کریں۔

ایسا کرنے کے بعد مطلوبہ میسج کا ترجمہ فوری طور پر نظر آئے گا۔

اینڈرائیڈ صارفین تمام چیٹس کے لیے آٹومیٹک ٹرانسلیشن آپشن کو بھی ٹرن آن کرسکتے ہیں۔

اس آپشن سے مستقبل میں اس کانٹیکٹ کی تمام چیٹس کا ترجمہ خودکار طور پر ہو جائے گا۔

میسجز کے ترجمے کا عمل ڈیوائس کے اندر ہی مکمل ہوگا اور صارفین کی چیٹس تک کسی اور کی رسائی نہیں ہوگی۔

آئی فونز میں بھی فیچر کو اسی طرح استعمال کیا جاسکتا ہے، البتہ وہاں آٹومیٹک ٹرانسلیشن آپشن دستیاب نہیں ہوگا۔

کمپنی کے مطابق اس فیچر کو متعارف کرانے کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے اور بہت جلد تمام صارفین کو دستیاب ہوگا۔

یہ فیچر ون آن ون چیٹس، گروپ چیٹس اور چینل اپ ڈیٹس پر بھی کام کرتا ہے۔

یہ نیا فیچر ابھی واٹس ایپ ویب اور ونڈوز ورژن میں دستیاب نہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں