اوپن اے آئی نے پلس (Pulse) نامی نیا فیچر چیٹ جی پی ٹی کا حصہ بنایا ہے۔
آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) چیٹ بوٹ کا یہ نیا فیچر آپ کی چیٹس، ہسٹری اور کیلنڈر کو مدنظر رکھے گا۔
اب چیٹ جی پی ٹی معمول کے مطابق ردعمل ظاہر کرنے کی بجائے آپ کی حالیہ چیٹس، فیڈ بیک اور منسلک ایپس جیسے کیلنڈر کے مطابق تفصیلات فراہم کرے گا۔
پلس فیچر کے تحت مختلف تصویری کارڈز فراہم کرے گا جن کو آپ اسکین کرسکیں گے یا مزید تفصیلات کے لیے اوپن کرسکیں گے۔
کمپنی کے مطابق یہ فیچر ابھی چیٹ جی پی ٹی پرو کے صارفین کو موبائل ایپ میں دستیاب ہوگا۔
مگر مستقبل قریب میں اسے زیادہ بڑے پیمانے پر متعارف کرایا جائے گا۔
کمپنی کے مطابق اس کا مقصد اس فیچر کو بتدریج ہر ایک کے لیے متعارف کرانا ہے۔
ہر صارفین کو ایک پلس روزانہ موصول ہوگا جس کے لیے چیٹ جی پی ٹی آپ کی چیٹس، ہسٹری اور فیڈ بیک سے ڈیٹا اکٹھا کرے گا اور صبح فراہم کرے گا۔
پلس کی جانب سے چیٹ جی پی ٹی کے کنکشنز فیچر کو بھی استعمال کیا جائے گا تاکہ وہ گوگل ڈرائیو، جی میل اور گوگل کیلنڈر سے کنکٹ ہوسکے۔
اوپن اے آئی نے بتایا کہ پلس میں دکھائے جانے والے تمام موضوعات کے لیے متعدد حفاظتی ٹولز کو استعمال کیا جائے گا تاکہ کسی قسم کا نقصان دہ مواد نظر نہ آئے۔
یہ فیچر چیٹ جی پی ٹی کو ایک چیٹ بوٹ سے متحرک اسسٹنٹ میں تبدیل کرنے کا آغاز ہے۔
کمپنی کے مطابق یہ تو بس آغاز ہے، آج پلس سے ای میل اور کیلنڈر کو کنکٹ کیا جائے گا جبکہ مستقبل میں ہر نئے ڈیٹا اسٹریم کو چیٹ جی پی ٹی سے منسلک کر دیا جائے گا۔







