پاکستان کرکٹ بورڈ نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر بھارتی ٹیم کے کپتان سوریا کمار یادیو کے بعد ایک اور بھارتی کھلاڑی کے خلاف آئی سی سی میں شکایت درج کرا دی۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ پی سی بی نے بھارتی ٹیم کے فاسٹ بولر ارشدیپ سنگھ کے خلاف ایکشن لینے کے لیے آئی سی سی میں درخواست دے دی ہے۔
ذرائع کا بتانا ہے پاکستان کی جانب سے آئی سی سی میں درج کرائی گئی شکایت میں کہا گیا ہے کہ ارشدیپ سنگھ نے 21 ستمبر کو میچ کے اختتام پر انتہائی نازیبا اشارے کیے، ارشدیپ نے آئی سی سی کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی کی۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ ارشدیپ سنگھ نے تماشائیوں کو غیر اخلاقی اشارے کیے، بھارتی کھلاڑی نے غیر اخلاقی اشارے کر کے کھیل کی ساکھ مجروح کی۔
ذرائع کا کہنا ہے پی سی بی کی جانب سے ارشدیپ کے خلاف ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر ایکشن کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل پاکستان کرکٹ بورڈ نے بھارتی ٹیم کے کپتان سوریا کمار یادیو کے خلاف بھی آئی سی سی میں درخواست دائر کی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ میچ کے بعد پریس کانفرنس میں سوریا کمار یادیو نے سیاسی باتیں کر کے کھیل کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی۔







