بھارت کا آئی سی سی ویمن ورلڈکپ کو بھی سیاست زدہ کرنے کا منصوبہ

bcci

بھارت نے ایشیا کپ کے بعد آئی سی سی ویمن ورلڈ کپ کو بھی سیاست زدہ کرنے کا منصوبہ بنا لیا ہے۔

بھارتی صحافی بوریا مجمدار نے سوشل میڈیا پر لکھا ایشیا کپ میں شروع ہونے والا سلسلہ ویمن ورلڈ کپ میں بھی جاری رہے گا، ویمن ورلڈ کپ میں جو چیز تبدیل ہوگی وہ صرف جنس ہو گی، یعنی مردوں کے بعد اب خواتین کے مقابلے میں بھی وہی سلسلہ چلے گا۔

بھارتی صحافی نے مزید لکھا کہ ویمن ورلڈ کپ میں پاک بھارت میچ میں وہی ہوگا جو ایشیا کپ میں ہوا، انہوں نے اپنے بیان میں دعویٰ کیا کہ ویمن ورلڈ کپ میں پاک بھارت میچ کے موقع پر کھلاڑی ہاتھ نہیں ملائیں گے۔

یاد رہے کہ ویمن ورلڈ کپ میں پاکستان اور بھارت کا میچ 5 اکتوبر کو کھیلا جائے گا۔

بھارت نے حال ہی میں ہونے والے ایشیا کپ کو بھی سیاست زدہ کرنے کی کوشش کی، بھارتی کھلاڑیوں نے کسی بھی میچ کے دوران پاکستان کھلاڑیوں سے ہاتھ نہ ملائے اور پھر ایشیا کپ کا فائنل جیتنے کے بعد بھارتی کپتان نے ایشین کرکٹ کونسل کے چیئرمین سے ٹرافی بھی وصول نہیں کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں