بھارتی اسٹینڈ اپ کامیڈین منور فاروقی کو قتل کرنے کی منصوبہ بندی ناکام، 2 شوٹرز گرفتار

munawar farooqi

دہلی پولیس نے بھارتی اسٹینڈ اپ کامیڈین اور رئیلیٹی شو بگ باس 17 کے ونر منور فاروقی کی قتل کی منصوبہ بندی ناکام بناتے ہوئے 2 شوٹرز کو گرفتار کرلیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی پولیس نے دہلی کے علاقے کالندی کنج میں کارروائی کرتے ہوئے گولڈی برار گینگ کے 2 شوٹرز کو گرفتار کیا۔

پولیس کے مطابق گرفتار شوٹرز کا بتانا ہے کہ انہیں کامیڈین منور فاروقی کو قتل کرنے کی ہدایت گینگسٹر روہت گودارا، گولڈی برار اور وریندر چرن کی جانب سے دی گئی تھی۔

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ بھارت کے بدنام زمانہ گینگسٹر روہت گودارا اور گولڈی برار گینگ نے ہی بالی وڈ اداکارہ دیشا پٹانی کے گھر کے باہر نامعلوم حملہ آوروں سے اندھا دھند فائرنگ کروائی تھی جس میں اداکارہ سمیت ان کے اہل خانہ محفوظ رہے تھے۔

بتایا گیا تھا کہ دیشا پٹانی کی بہن خوشبو پٹانی کی جانب سے ان کے روحانی رہنماؤں پریمانند مہاراج اور انیرودھاچاریہ جی مہاراج سے متعلق توہین آمیز بیان دیا گیا تھا جس کی وجہ سے یہ حملہ کیا گیا۔

گولڈی برار گروپ ہی سکھ گلوکار سدھو موسے والا کے قتل کا ماسٹر مائنڈ ہے اسی گروپ کی جانب سے بالی وڈ سپر اسٹار سلمان خان کو قتل کرنے کی دھمکیاں دی گئی ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں