گوگل میپس میں ایک اہم تبدیلی کر دی گئی

google maps

گوگل کی جانب سے گوگل اسسٹنٹ کی جگہ جیمنائی اے آئی اسسٹنٹ کو اس کی مختلف سروسز اور ایپس میں شامل کرنے کے لیے کافی کام کیا جار ہا ہے۔

اب بظاہر ایسا محسوس ہوتا ہے کہ گوگل میپس نیوی گیشن میں بہت جلد ایسا ہونے والا ہے۔

اینڈرائیڈ اتھارٹی کی ایک رپورٹ کے مطابق گوگل میپس ایپ کے نئے بیٹا (beta) ورژن میں یہ تبدیلی دیکھنے میں آئی ہے۔

اس بیٹا ورژن میں نئے جیمنائی اسسٹنٹ کو شامل کیا گیا ہے۔

اسے ان ایبل کرنے پر گوگل اسسٹنٹ کی بجائے جیمنائی کی جانب سے اس وقت ردعمل ظاہر کیا جاتا ہے جب صارف کی جانب سے نیوی گیشن انٹرفیس کے اوپری دائیں کونے پر مائیکرو فون آئیکون پر کلک کیا جاتا ہے۔

آغاز میں مائیکرو فون کا آئیکون گوگل اسسٹنٹ کا رنگ ہی ہوگا مگر جب اسے کلک کیا جائے گا تو جیمنائی کا اسپارک آئیکون ٹرن آن ہو جائے گا۔

جیمنائی نیوی گیشن کے لیے ایسی چیزیں کرسکے گا جو گوگل اسسٹنٹ نہیں کرسکتا تھا۔

مثال کے طور پر آپ جیمنائی کو کہہ سکتے ہیں کہ ایسے راستے تجویز نہ کرے جس میں ٹول ٹیکس نہ دینا پڑے اور پھر وہ خودکار طور پر ایسا کرے گا۔

آپ اس سے نیوی گیشن سے ہٹ کر بھی سوالات پوچھ سکتے ہیں جیسے موسم کے بارے میں معلومات حاصل کرسکتے ہیں۔

ایک بار جب میپس میں جیمنائی کو ان ایبل کیا جائے گا، تو ایپ میں جیمنائی سیٹنگز کو تبدیل کرنے کا آپشن بھی دیا جائے گا۔

گوگل میپس میں کی جانے والی یہ تبدیلی تمام صارفین کو دستیاب نہیں مگر مستقبل قریب میں اسے متعارف کرایا جاسکتا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں