وائرلیس انٹرنیٹ کے نئے ورژن وائی فائی 8 کی تیاری میں اہم پیشرفت

wifi

وائرلیس کمیونیکیشن کا نیکسٹ جنریشن ورژن وائی فائی 7 ہی ابھی تک مکمل طور پر متعارف نہیں کرایا جاسکا مگر اس سے اگلے ورژن کی تیاری پر کام بھی شروع ہوگیا ہے۔

ٹی پی لنک کی جانب سے وائی فائی کے نیکسٹ جنریشن اسٹینڈرڈ میں پیشرفت کی گئی ہے۔

کمپنی نے اعلان کیا کہ اس نے وائی فائی 8 ہارڈ وئیر کے ابتدائی پروٹوٹائپ کی کامیاب آزمائش کی ہے۔

اس ٹیسٹ کی تفصیلات تو ظاہر نہیں کی گئی مگر کمپنی نے بتایا کہ وائی فائی 8 (802.11bn) کے ڈیٹا ٹرانسفر کی صلاحیت سے ثابت ہوتا ہے کہ مستقبل کی پراڈکٹس کیسی ہوں گی۔

بیان میں بتایا گیا کہ اس پروٹوٹائپ ہارڈئیر کو انڈسٹری کی شراکت داری سے تیار کیا گیا اور اسے توقع ہے کہ اس سے متعلق ڈیوائسز وائی فائی 8 کی توثیق سے قبل دستیاب ہوں گی۔

انسٹیٹیوٹ آف الیکٹریکل اینڈ الیکٹرونکس انجینئرز کی جانب سے 2028 میں وائی فائی 8 اسٹینڈرڈ کو حتمی شکل دیے جانے کا امکان ہے۔

اس سے قبل جولائی 2025 میں کوالکوم نے ایک بلاگ پوسٹ میں نئے وائی فائی اسٹینڈرڈ کے بارے میں کہا تھا کہ اس کا مقصد زیادہ تیز بینڈودتھ اسپیڈ کی بجائے ڈیوائسز کو آن لائن رکھنے اور مستحکم کنکشن کے لیے مدد فراہم کرنا ہے۔

وائی فائی 7 کی طرح وائی فائی 8 میں بھی 2.4 گیگا ہرٹز، 5 گیگا ہرٹز اور 6 گیگا ہرٹز بینڈز کو استعمال کیا جائے گا اور 23 جی بی پی ایس تک ڈیٹا اسپیڈ فراہم کی جائے گی۔

مگر اس کا بنیادی مقصد حقیقی دنیا میں وائی فائی کی کارکردگی کو بہتر بنانا اور کنکشن کا استحکام برقرار رکھنا ہے۔

یعنی کم سگنل پر بھی بہتر سروس فراہم کرنا اس کا مقصد ہوگا۔

پرانے اسٹینڈرڈز کے مقابلے میں وائی فائی 8 سے ایک وقت میں زیادہ ڈیوائسز کو استعمال کرنا ممکن ہوگا۔

اس طرح صارفین کو گیمنگ اور اسٹریمنگ کا بہترین تجربہ ملے گا جبکہ انٹرنیٹ فریز ہونے کا خطرہ کم ہوگا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں