یہ کہنے کی ضرورت نہیں کہ موجود عہد کو ڈیجیٹل عہد کہا جاتا ہے۔
اسمارٹ فونز، کمپیوٹر اور متعدد ڈیوائسز کا استعمال عام ہوچکا ہے جبکہ انٹرنیٹ ہماری زندگی کا ایک لازمی حصہ بن چکا ہے۔
جب انٹرنیٹ کی بات ہو تو گوگل سرچ انجن معلومات تک رسائی کا سب سے بڑا ذریعہ ہے۔
مگر جہاں یہ سرچ انجن روزمرہ کی زندگی میں مددگار ثابت ہوتا ہے، وہی اس پر کچھ موضوعات یا چیزوں کو سرچ یا تلاش کرنا نقصان پہنچا سکتا ہے، گمراہ کن تفصیلات ذہن کا حصہ بناسکتا ہے یا قانونی مسائل کا شکار بھی کرسکتا ہے۔
اس لیے یہ جاننا ضروری ہے کہ گوگل پر آپ کو کن موضوعات یا چیزوں کو سرچ یا تلاش کرنے سے گریز کرنا چاہیے۔
غیر قانونی سرگرمیاں
کسی بھی ایسی چیز کی تلاش جو غیر قانونی سرگرمیوں سے متعلق ہو، خطرناک ثابت ہو سکتی ہے۔
اس میں منشیات کی خرید و فروخت، غیر قانونی ہتھیاروں کی تیاری یا خریداری، چوری شدہ مواد یا کسی بھی قسم کے جرائم سے متعلق معلومات وغیرہ شامل ہیں۔
اس طرح کی سرچز نہ صرف قانونی مشکلات کا شکار کرسکتی ہیں بلکہ دیگر مسائل کا بھی سامنا ہوسکتا ہے۔
نقصان دہ یا پرتشدد مواد
پرتشدد، خودکشی یا خود کو نقصان پہنچانے کے طریقے، نفرت انگیز تقاریر یا تعصب پر مبنی مواد کی تلاش سے سختی سے گریز کریں۔
ایسا مواد ذہنی صحت کو متاثر کرتا ہے اور منفی رجحانات کو فروغ دے سکتا ہے۔
اسی طرح ڈارک ویب سے متعلق مواد کی تلاش بھی خطرناک ثابت ہوسکتی ہے۔
صحت سے متعلق علامات کو گہرائی میں جاکر تلاش کرنا
ہر فرد صحت مند رہنا چاہتا ہے اور اس حوالے سے گوگل سے مدد حاصل کرنے میں کوئی برائی بھی نہیں۔
مگر مختلف امراض کی علامات یا سرجری کی تصاویر یا ویڈیوز ایسی ہوتی ہیں جن کو دیکھنا بہت زیادہ تکلیف دہ ثابت ہوتا ہے۔
اسی طرح گوگل کی فراہم کردہ طبی تفصیلات کے مطابق اس مرض کو خود اپنے اندر تلاش کرنا بھی خطرناک ثابت ہوسکتا ہے۔
غیر مستند معلومات کی تلاش آپ کی صحت کے لیے تباہ کن ثابت ہوسکتی ہے۔
ذاتی تفصیلات
کسی بھی فرد کی ذاتی تفصیلات جیسے رہائشی پتہ، فون نمبر یا بینک اکاؤنٹس کی تفصیلات سرچ کرتے ہیں تو یہ بھی نقصان دہ ثابت ہوسکتا ہے۔
دیگر افراد کی ذاتی تفصیلات کو سرچ کرنا غیر اخلاقی اور غیر قانونی خیال کیا جاتا ہے۔
غلط معلومات اور سازشی نظریات
انٹرنیٹ کی دنیا گمراہ کن تفصیلات اور سازشی نظریات سے بھری ہوئی ہے۔
کسی بھی اہم موضوع پر تحقیق کرتے وقت ہمیشہ معتبر ذرائع جیسے بڑے خبر رساں اداروں، تعلیمی اداروں، سرکاری ویب سائٹس اور مستند ماہرین کی معلومات کو ترجیح دیں۔
کسی بھی تفصیل کی زیادہ ذرائع سے تصدیق کرنا ضروری ہوتا ہے۔
میل وئیرز اور وائرسز
اگر آپ میل ویئرز کے ناموں یا ہیکنگ کے طریقے جیسی چیزوں کو تلاش کرتے ہیں، تو ایسی ویب سائٹس پر پہنچ سکتے ہیں جو آپ کی ڈیوائسز کے لیے نقصان دہ ثابت ہوسکتی ہیں۔
مفت فلموں یا سافٹ وئیرز کی تلاش
اس طرح کی سرچز آپ کو ایسی ویب سائٹس پر لے جا سکتی ہے جو پائریٹڈ مواد سے لیس ہوتی ہیں۔
یہ نہ صرف غیر قانونی ہے بلکہ ایسی ویب سائٹس سے ڈیوائسز میل وئیرز اور وائرسز سے متاثر ہونے کا خطرہ بھی بڑھتا ہے، جن سے ڈیوائسز کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔
ایسا مواد جو شرمندہ کردینے والا ہو
گوگل دنیا کا سب سے بڑا سرچ انجن تو ہے ہی اس کے ساتھ ساتھ سب سے بڑا اشتہارات دکھانے والا ادارہ بھی ہے تو آپ جو سرچ کرتے ہیں اس سے منسلک اشیا کے اشتہارات ویب سائٹس پر سرفنگ کے دوران آپ کے سامنے نمودار ہوسکتے ہیں جو ہوسکتا ہے کہ دوسروں کے سامنے آپ کو شرمندہ کردیں۔







