بیوی کا نام موبائل میں ’موٹی‘ سے محفوظ کرنا شوہر کے گلے پڑگیا

mobile phone

دنیا بھر میں میاں بیوی ایک دوسرے کو محبت سے پکارنے کیلئے مختلف نک نیم استعمال کرتے ہیں لیکن ترکیے میں شوہر نے بیوی کا نمبر ’موٹی‘ کے نام سے موبائل میں محفوظ کیا جو اس کے لیے مصیبت بن گیا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ترکیے کے شہر اوشاک کی عدالت میں چلنے والے اس کیس میں یہ بات سامنے آئی کہ ترک شہری نے بیوی کا نمبر اپنے موبائل فون میں ترکی زبان میں ’ٹومبک ‘ یعنی ’موٹی‘ سے محفوظ کیا تھا جس پر اہلیہ ناراض ہوکر طلاق کیلئے عدالت جاپہنچی ۔

طلاق کے مقدمے میں خاتون نے دعویٰ کیا کہ اس کے شوہر کی جانب سے استعمال کیا جانے والا توہین آمیز نام ان کے ازدواجی تعلقات کو نقصان پہنچا رہا ہے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق خاتون نے شوہر سے طلاق کے ساتھ مالی و ذہنی نقصان کی تلافی کا بھی مطالبہ کیا جسے عدالت نے منظور کرتے ہوئے شوہر کے خلاف فیصلہ سنایا۔

عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ بیوی کا نام ’ موٹی‘ کے طور پر محفوظ کرنا محض مذاق نہیں بلکہ جذباتی تشدد ہے جو ازدواجی رشتے کو نقصان پہنچا سکتا ہے، ترکیے کے قانون کے مطابق ظالمانہ رویہ یا ذہنی اذیت طلاق کے لیے بنیاد بن سکتی ہے۔

عدالت نے فیصلہ سناتے ہوئے شوہر کو سابقہ اہلیہ کو جرمانہ ادا کرنے کا حکم دیا۔

ترکیے کی عدالت کے اس تاریخی فیصلے نے سوشل میڈیا پر ایک نئی بحث چھیڑدی۔

متعدد صارفین عدالت کے اس فیصلے کی تعریف کررہے ہیں اورمتعدد کی رائے کے مطابق موٹی ایک نک نیم بھی ہوسکتا ہے لہٰذا شوہر کا بیوی کو موٹا کہنا توہین نہیں ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں