وفاقی وزیر قومی صحت مصطفیٰ کمال نے ایچ پی وی ویکسین مہم کے حوالے سے قوم کےنام پیغام جاری کردیا جس میں ان کا کہناتھا کہ کوئی خاتون ویکسین نہ لگوائےاور سرویکل کینسر میں مبتلا ہو جائے تواس کاذمہ دارکون ہو گا؟ ویکسین عالمی سطح پر تسلیم شدہ ہے،جھوٹے پروپیگنڈے پر یقین ہرگز نہ کیا جائے ، جھوٹا پروپیگینڈا کرنے والوں کو دنیا وآخرت میں اس کاحساب دینا پڑے گا ۔
اسلام آباد میں قومی پارلیمانی قیادت کےہمراہ آگاہی سیمینار میں مصطفیٰ کمال نے اپنے پیغام میں کہا کہ سرویکل کینسر سے بچاؤ کی قومی مہم کا آغاز ایک تاریخی قدم ہے،ہر سال پاکستان میں تقریباً پانچ ہزار خواتین سرویکل کینسر کا شکار ہو جاتی ہیں،ان میں تین ہزار خواتین جان کی بازی ہار جاتی ہیں ۔۔۔ دنیاکے ڈیڑھ سو سےزائدممالک اپنے پروگرامزمیں ایچ پی وی شامل کر چکے ۔ پاکستان نے بھی بچوں اور خواتین کے تحفظ کیلئے عملی قدم اٹھایا ہے،مصطفیٰ کمال نے کہا ایچ پی وی ویکسینیشن مہم کا پہلا مرحلہ پنجاب،اسلام آباد، سندھ اور آزاد کشمیر میں جاری ہے ۔ دوسرے مرحلے کیلئے بلوچستان،خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان نے وقت مانگاہے، مصطفیٰ کمال نے کہا ویکسینیشن یقینی بنا کر اپنی بچیوں کو اس موذی مرض سے بچائیں،قوم کی بیٹیوں کی حفاظت ہم سب کی اجتماعی ذمہ داری ہے ۔







