کھرمنگ، سکول وین فراہم نہ کرنے پر طالبات سڑکوں پر آ گئیں

کھرمنگ (سرور سکندر)ضلع کھرمنگ کے علاقے مہدی آباد کے نواحی گائوں پنداہ کی طالبات نے اسکول وین کی عدم فراہمی کے خلاف شدید احتجاج کیا۔ طالبات نے پنداہ پل کے قریب شاہراہِ کارگل کو بند کر کے حکام کی توجہ اس اہم مسئلے کی جانب مبذول کرائی۔مظاہرے میں شریک طالبات کا کہنا تھا کہ انہیں روزانہ کئی کلومیٹر کا سفر طے کر کے اسکول جانا پڑتا ہے، اور اسکول وین نہ ہونے کے باعث انہیں شدید مشکلات، خاص طور پر سردیوں کے موسم اور خراب موسم کے دوران، درپیش آتی ہیں۔احتجاج کے باعث شاہراہِ کارگل پر ٹریفک معطل ہو گئی، جس سے عام مسافروں کو بھی پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ کئی گاڑیاں دونوں اطراف پھنس گئیں اور مسافروں کو گھنٹوں انتظار کرنا پڑا۔طالبات نے اعلی حکام سے مطالبہ کیا کہ اسکول وین کی فوری فراہمی کو یقینی بنایا جائے تاکہ ان کا تعلیمی سلسلہ متاثر نہ ہو۔ مظاہرین نے یہ بھی کہا کہ اگر ان کے جائز مطالبات پر فوری توجہ نہ دی گئی تو وہ احتجاج کا دائرہ وسیع کر دیں گی۔علاقہ مکینوں اور والدین نے بھی طالبات کے مطالبے کی حمایت کرتے ہوئے حکومتِ گلگت بلتستان اور ضلعی انتظامیہ سے فوری اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔انتظامیہ کی جانب سے تاحال کوئی باضابطہ بیان سامنے نہیں آیا، تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ معاملے کو حل کرنے کے لیے متعلقہ حکام کو آگاہ کر دیا گیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں