لاہور: کوہ پیمائی میں پاکستان کا پرچم بلند کرنے والے شہروز کاشف حکومت کی جانب سے انعام نہ ملنے پر پھٹ پڑے۔
8 ہزار میٹر بلند تمام 14 چوٹیاں سر کرنے والے پاکستان کے کم عمر ترین کوہ پیما شہروز کاشف تاحال حکومتی انعام کے منتظر ہیں۔
اس حوالے سے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے شہروز کاشف نے کہا کہ ’حکومت نے مجھے کیش پرائز دینے کا کئی مرتبہ وعدہ کیا لیکن سب بھول گئے، اپنی زمین اور کار بیچی لیکن کوہ پیمائی کی وجہ سے اب مقروض ہوں‘۔
انہوں نے کہا کہ’ملک کا نام روشن کرنے کے لیے میرےلگ بھگ4 کروڑ روپے لگے ہیں، میری کمر کا خطرناک آپریشن ہوا ، کمر میں راڈز ہیں جس کی وجہ سے مجھے اب چلنے پھرنے میں بھی دشواری ہے ‘۔
شہروز کاشف کا کہنا تھا کہ ‘کسی نے میڈیکل کے بلز کی ذمے داری تک نہیں اٹھائی، کوئی اس شخص کے ساتھ ایسا کیسے کر سکتا ہے جس نے 8 ہزار سے بلند 14 چوٹیاں سر کی ہوں، اگر ایسا ہی رویہ رہا تو میں پھر بیرون ملک اپنے لیے کچھ سوچنے پر مجبور ہوں گا ‘۔







