اگر آپ لمبی اور صحت مند زندگی گزارنا چاہتے ہیں؟ تو اپنے شریک حیات کو خوش رکھنے کی کوشش کریں۔
یہ بات امریکا میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی۔
کیلیفورنیا یونیورسٹی کی تحقیق میں بتایا گیا کہ جو جوڑے ایک دوسرے کے ساتھ خوش باش رہتے ہیں، وہ لمبی زندگی گزارتے ہیں۔
تحقیق میں کینیڈا اور جرمنی سے تعلق رکھنے والے 321 جوڑوں کو شامل کیا گیا تھا جن کی عمریں 56 سے 89 سال کے درمیان تھیں۔
ان افراد کو 3 مختلف تحقیقی رپورٹس کا حصہ بنایا گیا تھا اور ہر تحقیق میں جوڑوں سے سرویز کے ذریعے مثبت جذبات کی تفصیلات حاصل کی گئی تھیں جبکہ ان کے لعاب دہن کے نمونے بھی اکٹھے کیے گئے۔
تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ جب جوڑے خوشی کے لمحات ساتھ گزارتے ہیں تو ان میں تناؤ بڑھانے والے ہارمون کورٹیسول کی سطح میں کمی آتی ہے۔
تحقیق کے مطابق جوڑوں کی جانب سے مثبت جذبات کا اظہار اس وقت زیادہ کیا جاتا ہے جب وہ اکٹھے ہوتے ہیں۔
لعاب دہن کے نمونوں کے تجزیے سے ثابت ہوا کہ جب ایک جوڑے میں مثبت جذبات کی سطح بڑھتی ہے تو کورٹیسول کی سطح میں کمی آتی ہے۔
تناؤ کو متعدد دائمی امراض سے منسلک کیا جاتا ہے۔
محققین نے بتایا کہ ہم پہلے سے جانتے ہیں کہ مثبت جذبات جیسے خوشی، مسرت، محبت اور دیگر سے صحت بہتر ہوتی ہے، مگر اس حوالے سے ماضی میں تحقیقی کام تنہا افراد میں ہوا تھا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ حقیقی زندگی میں طاقتور مثبت جذبات اکثر اس وقت سامنے آتے ہیں، جب آپ کسی کے ساتھ جڑے ہوتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ مثبت جذبات کو شیئر کرنے سے ان کا اثر بھی دیرپا ثابت ہوتا ہے۔
محققین کے مطابق جب جوڑے ایک دوسرے کے ساتھ اچھا محسوس کرتے ہیں تو کورٹیسول کی سطح میں دن کے مختلف اوقات میں کمی آتی ہے اور جسم زیادہ وقت تک پرسکون رہتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جب آپ کسی کے ساتھ مثبت جذبات شیئر کرتے ہیں تو اس سے جذبات اور ذہنی صحت کو فائدہ ہوتا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ درحقیقت ضروری نہیں کہ ایسا شریک حیات کے ساتھ کیا جائے، کسی بھی دوست کے ساتھ ایسا کرنے سے بھی تناؤ کی سطح میں کمی آتی ہے۔
اس تحقیق کے نتائج جرنل آف پرسنلٹی اینڈ سوشل سائیکولوجی میں شائع ہوئے۔







