ٹک ٹاک صارفین اب اس ویڈیو شیئرنگ ایپ سے زیادہ پیسے کماسکیں گے۔
ایسا ٹک ٹاک پلیٹ فارم کے سبسکرپشن ماڈل میں تبدیلی سے ممکن ہوگا۔
امریکا میں ایک کانفرنس کے دوران کمپنی کی جانب سے اعلان کیا گیا کہ اب صارفین سبسکرپشنز سے ہونے والی آمدنی کا 90 فیصد حصہ کما سکیں گے۔
مگر اس کے لیے چند شرائط کو پورا کرنا ضروری ہوگا۔
ابھی ٹک ٹاک سبسکرپشنز کی آمدنی کا 70 فیصد حصہ صارفین کو دیا جاتا ہے مگر اب اس میں 20 فیصد اضافہ کیا جائے گا۔
اس مقصد کے لیے ضروری ہوگا کہ صارف کے فالوورز کی تعداد کم از کم 10 ہزار ہوں، گزشتہ ماہ اس کی ویڈیوز کے ویوز کم از کم ایک لاکھ ہوں اور گزشتہ ماہ اس نے 3 یا اس سے زائد سبسکرپشن اونلی ویڈیوز پوسٹ کی ہوں۔
کمپنی کی جانب سے جاری ایک بیان کے مطابق جتنا زیادہ تسلسل سے آپ کام کریں گے، اتنا زیادہ کماسکیں گے۔
بیان میں بتایا گیا کہ سبسکرپشن سے صارفین کو زیادہ مضبوط کمیونٹیز تشکیل دینے میں مدد ملتی ہے جبکہ ماہانہ سبسکرپشن فیس سے ان کے فالوورز کو خصوصی مراعات جیسے اسپیشل بیجز، سبسکرائبر اونلی پوسٹس، چیٹ فیچرز اور دیگر تک رسائی ملتی ہے۔
سبسکرپشن پروگرام کے لیے اس تبدیلی کا اطلاق ابھی امریکا اور کینیڈا میں کیا جا رہا ہے۔
مگر ٹک ٹاک کا کہنا تھا کہ آنے والے مہینوں میں اسے دیگر ممالک میں بھی متعارف کرایا جائے گا۔
امریکا اور کینیڈا سے باہر عالمی سطح پر ٹک ٹاک کی جانب سے سبسکرپشن پروگرام کے تحت 50 فیصد آمدنی صارفین سے شیئر کی جاتی ہے، جسے بڑھا کر 70 فیصد کر دیا جائے گا۔
خیال رہے کہ سبسکرپشن صارفین کو اپنے پسندیدہ کریٹیرز کے خصوصی مواد، چینلز اور اسٹیکرز تک رسائی کے لیے ماہانہ فیس ادا کرنا ہوتی ہے۔







