گوگل میپس میں ایسے فیچر کا اضافہ جو اب تک اس میں موجود نہیں تھا

google maps

گوگل میپس میں ایک ایسے فیچر کا اضافہ کیا جا رہا ہے جو حیران کن طور پر اب تک اس نیوی گیشن سروس کا حصہ نہیں تھا۔

اینڈرائیڈ اتھارٹی کی ایک رپورٹ کے مطابق گوگل میپس کے اینڈرائیڈ ورژن میں نئے پاور سیونگ موڈ کا اضافہ کیا جا رہا ہے۔

یہ فیچر فون کے پاور سیونگ آپشنز سے ہٹ کر کام کرے گا۔

یہ فیچر اینڈرائیڈ ڈیوائسز کے لیے گوگل میپس کے نئے بیٹا (beta) ورژن کے کوڈ میں دریافت کیا گیا۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ بظاہر ایسا محسوس ہوتا ہے کہ گوگل میپ میں پاور سیونگ موڈ فون کے پاور بٹن کو دبانے پر متحرک ہوتا ہے۔

جب پاور سیونگ موڈ آن ہو جاتا ہے تو گوگل میپس کا انٹرفیس مونوکروم میں تبدیل ہو جاتا ہے یعنی بظاہر بلیک اینڈ وائٹ محسوس ہونے لگتا ہے۔

جیسا آپ نیچے اسکرین شاٹ میں دیکھ سکتے ہیں گوگل میپس کا انٹرفیس بہت سادہ محسوس ہونے لگتا ہے۔

یہاں تک کہ جگہوں کے نام بھی نظر نہیں آتے۔

بس سمت بتانے والے تیر، پہنچنے کے وقت اور فاصلے وغیرہ کو دیکھنا ممکن ہوتا ہے۔

ابھی یہ فیچر متعارف نہیں کرایا گیا اور تیاری کے مرحلے سے گزر رہا ہے تو اس میں مزید تبدیلیاں کی جاسکتی ہیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ یہ فیچر چلنے، ڈرائیونگ اور موٹر سائیکل پر سفر کے دوران کام کرے گا، مگر یہ واضح نہیں کہ پبلک ٹرانسپورٹ کے لیے سپورٹ دستیاب ہوگی یا نہیں۔

رپورٹ میں کہا گیا کہ اس فیچر میں آڈیو سپورٹ دستیاب ہوگی تو ممکنہ طور پر صارف کو یوزر انٹرفیس سادہ ہونے پر مشکلات کا سامنا نہیں ہوگا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں