وفاقی کابینہ کا اجلاس، جنگلات کی حفاظت ایف سی کے حوالے

 وفاقی کابینہ نے گلگت بلتستان میں جنگلات کے تحفظ کیلئے ایف سی کی3پلاٹونز تعینات کرنے کی منظوری دیدی۔ ایف سی اہلکار تین سال کیلئے تعینات کیے جائیں گے جو دو جنوری 2021ء سے 31دسمبر 2023ء تک تعینات رہیں گے۔ اس سے پہلے گلگت بلتستان حکومت کی درخواست پر وزارت داخلہ نے وفاقی کابینہ کا ایک سمری بھیجی تھی جس میں جنگلات کے تحفظ کیلئے ایف سی کے چار پلاٹونز تعینات کرنے کی درخواست کی گئی تھی۔ ایف سی اہلکار جنگلات، جنگلی حیات اور نیشنل پارکس کے تحفظ کے ساتھ ٹمبر مافیا کی سرگرمیوں کی روک تھام کی ذمہ داریاں ادا کرینگے۔ یاد رہے کہ گلگت بلتستان میں ایف سی کی 16پلاٹونز پہلے ہی تعینات ہیں۔ شروع میں پانچ پلاٹونز تعینات کرنے کی منظوری دی گئی تھی تاہم گزشتہ چند سالوں میں مزید گیارہ پلاٹونز تعینات کی گئیں۔ جنگلات کے تحفظ کیلئے مزید تین پلاٹونز آنے کی صورت میں جی بی میں تعینات ایف سی پلاٹونز کی تعداد19 ہو جائے گی۔  سمری میں بتایا گیا ہے کہ ایف سی اہلکار جنگلات کے تحفظ کے ساتھ نیشنل پارکس کا بھی تحفظ کرینگے جبکہ ٹمبر مافیا کو بھی لگام دینگے۔ واضح رہے کہ صوبائی وزیر جنگلات و جنگلی حیات راجہ ذکریا خان نے چند روز پہلے کہا تھا کہ جنگلات کے تحفظ کیلئے ایف سی اہلکار تعینات کرینگے۔ بعد میں صوبائی حکومت کی جانب سے وفاق کو باقاعدہ سمری بھیجی گئی جس میں جنگلات ،جنگلی حیات کے تحفظ ، ٹمبر مافیا کی سرگرمیوں کی روک تھام کیلئے  ایف سی اہلکار تعینات کرنے کی درخواست کی گئی تھی۔ صوبائی حکومت کی درخواست پر وفاقی وزرات داخلہ کی جانب سے 16دسمبر کو وفاقی کابینہ کو سمری بھیجی گئی، گزشتہ روز وفاقی کابینہ نے اس سمری کی باقاعدہ منظوری دیدی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں