گلگت (سٹاف رپورٹر)حکومت گلگت بلتستان نے وزرا، مشیروں اور وزیراعلی کے معاونین خصوصی کے زیرِ استعمال سرکاری اثاثوں کی جانچ پڑتال اور حوالگی کے لیے کابینہ ڈیپارٹمنٹ کے تین افسران پر مشتمل ٹیم مقرر کر دی۔ سیکریٹری ایس اینڈ جی اے ڈی (کابینہ ونگ) کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن نمبر DSC-Admin -1(1)/2025 کے مطابق، یہ اقدام سرکاری اثاثوں کی موثر نگرانی، شفافیت اور احتساب کو یقینی بنانے کے لیے اٹھایا گیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے تحت جن افسران کو اس ذمہ داری کے لیے نامزد کیا گیا ہے ان میں بشارت حسین (A.MTO)، رضا ولی (Assistant/Misc Incharge) اور ضیا خان (Storekeeper) شامل ہیں۔ یہ افسران وزیراعلی کے دفتر، وزرا، مشیروں اور معاونین خصوصی کے زیراستعمال تمام اثاثہ جات کی تفصیلی جانچ پڑتال کریں گے۔ سرکاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اثاثوں کی مکمل فہرست تیار کی جائے گی، اور متعلقہ پرائیویٹ سیکرٹری یا پرسنل اسسٹنٹ ان اثاثوں کو باضابطہ سرکاری تحویل میں لیں گے تاکہ ریکارڈ کی درستگی اور اثاثہ جات کے احتساب کو یقینی بنایا جا سکے۔ مقررہ افسران اس عمل کے بعد مکمل رپورٹ مجاز اتھارٹی کو پیش کریں گے۔ اس اقدام کو گڈ گورننس، شفافیت اور ادارہ جاتی نظم و ضبط کے فروغ کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔
حکومتی ارکان سے سرکاری اثاثوں کی واپسی کیلئے ٹیم مقرر
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل







