پیپلزپارٹی میں شمولیت کیلئے لاگ لائنوں میں بیٹھے ہیں، امجد ایڈووکیٹ

سکردو(محمد اسحاق جلال)پیپلزپارٹی کی مرکزی قیادت نے گلگت بلتستان صوبائی اسمبلی کے آئندہ انتخابات کے امور کی نگرانی اور اہم شخصیات کو پارٹی میں لانے کیلئے 4 رکنی رابطہ کمیٹی قائم کردی ۔کمیٹی میں پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما قمر زمان کائرہ، ندیم افضل چن،نیئر بخاری اور ہمایوںخان شامل ہیں،کمیٹی گلگت بلتستان میں اہم سیاسی شخصیات سے رابطہ کرے گی اور ان کو پارٹی میں لانے کے حوالے سے اقدامات کرے گی اور آئندہ الیکشن میں پارٹی کو کامیابی سے ہمکنار کرنے کیلئے مذکورہ کمیٹی اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی، کمیٹی کے ممبران بوقت ضرورت گلگت بلتستان کا دورہ بھی کریں گے۔ کے پی این سے بات چیت کرتے ہوئے پیپلزپارٹی کے صوبائی صدر امجد حسین ایڈووکیٹ نے کہاہے کہ ہم ابھی الیکشن کی طرف نہیں جارہے ہیں الیکشن کیلئے ابھی بہت وقت ہے پارٹی کے وفاقی رہنمائوں کی سربراہی میں بنائی گئی چار رکنی کمیٹی پارٹی میں مقتدر شخصیات کو شامل کرنے کیلئے کام کرے گی، پارٹی میں آنے کیلئے لوگ لائنوں میں بیٹھے ہیں جو لوگ پارٹی میں شامل ہونگے وہ اب کمیٹی کے ممبر ان سے رابطہ کرکے شامل ہونگے، کوآرڈینیشن کمیٹی پارٹی کو آگے لیکر جانے میں مددگار ثابت ہوگی، ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ الیکشن شیڈول کے اعلان کے بعد چیف الیکشن کمشنر کے پاس اختیارات منتقل ہوتے ہیں اس سے قبل وہ حکومت اور ارکان اسمبلی کے اختیارات منجمد کرنے کا اختیار نہیں رکھتے اسی لئے معاملہ کورٹ میں گیا ہے عدالت دیکھے گی کہ چیف الیکشن کمشنر کا ایکٹ قانونی ہے یا غیر قانونی ہے، عدالت یہ بھی دیکھے گی کہ چیف الیکشن کمشنر نے کس قانون اور آئین کے تحت ارکان اسمبلی کے انتخابات منجمد کئے اور ترقیاتی منصوبوں پر عمل درآمد روکنے کا حکم دیا، ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات میں گلگت بلتستان کی سیاسی اور امن و امان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا بلاول بھٹو زرداری نے پارٹی کے رہنمائوں اور جیالوں کو ہدایت دی ہے کہ وہ امن و امان کی مجموعی صورتحال کو برقرار رکھنے اور علاقے میں امن بھائی چارے، رواداری ،اخوت کے فروغ کیلئے کردار اور امن مشن کو جاری رکھیں جب الیکشن شیڈول کا اعلان ہوگا تب فیصلہ کیا جائے گا کہ بلاول بھٹو زرداری الیکشن مہم چلانے گلگت بلتستان آئیں گے یا نہیں ؟ ابھی اس حوالے سے کسی قسم کا کوئی فیصلہ نہیں ہوا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں