گلگت(نمائندہ خصوصی)گلگت یونین آف جرنلسٹس کی تاریخ میں پہلی مرتبہ خاتون صدر منتخب ہوگئیں۔ 2025 تا 2027 کی مدت کے لئے ہونے والے انتخابات میں جرنلسٹس اتحاد پینل سے تعلق رکھنے والی کرن قاسم نے 24 ووٹ حاصل کرکے کامیابی حاصل کی جبکہ ورکنگ جرنلسٹس پینل کے امیدوار ذوہیب اختر کو 19 ووٹ ملے۔ اس موقع پر 3 ووٹ مسترد ہوئے کل 52 رجسٹرڈ ممبران میں سے 46 صحافیوں نے 4 اکتوبر کو اپنا حق رائے دہی استعمال کیا۔ انتخابی عمل الیکشن کمیٹی کے چیئرمین امتیاز علی تاج ،اراکین امتیاز گلاب بگورو اور معراج عالم کی نگرانی میں پرامن اور شفاف انداز میں مکمل ہوا۔دیگر منتخب عہدیداران میں محمد ذاکر سینئر نائب صدر، شیریں کریم نائب صدر، سمر عباس قذافی جنرل سیکرٹری، بشارت یزدانی ڈپٹی جنرل سیکرٹری اور عمران شیر خان فنانس سیکرٹری شامل ہیں۔ کرن قاسم نے کامیابی کے بعد اپنے خطاب میں اس کامیابی کو ساتھی صحافیوں کی اجتماعی حمایت کا نتیجہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی ٹیم کے ساتھ مل کر صحافیوں کے مسائل کے حل اور ان کے حقوق کے تحفظ کے لئے بھرپور جدوجہد کریں گی۔سوشل میڈیا پر صحافیوں اور سول سوسائٹی نے کرن قاسم اور ان کی ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے اس کامیابی کو تاریخی قرار دیا ہے۔
کرن قاسم گلگت یونین آف جرنلسٹس کی پہلی خاتون صدر منتخب
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل







