گلگت( سٹاف رپورٹر) فلور ملز مالکان نے محکمہ خوراک کے خلاف عدالت سے رجوع کرلیا ہے اور عدالت نے فلورملز کی درخواست پر نوٹی فیکیشن معطل کردیا ہے۔ گلگت اور جگلوت کی 6 فلور ملز نے محکمہ خوراک گلگت بلتستان کے خلاف سول جج جگلوٹ کی عدالت میں مقدمہ دائر کیا ہے۔ مقدمے میں راکاپوشی فلور مل، نواز فلور مل، کشمیر فلور مل، آفتاب فلور مل، راجپوت فلور مل اور جنید فلور مل شامل ہیں۔ فلور ملز مالکان نے ایڈووکیٹ بشارت علی کے توسط سے درخواست دائر کی ہے جس میں 29 ستمبر 2025 کے محکمہ خوراک کے حکم نامے کو چیلنج کیا گیاہے۔ عدالت میں جمع کرائی گئی درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ محکمہ خوراک کی جانب سے فلور ملز کے گندم کوٹے کو معطل کرنے کے احکامات غیر قانونی ہیں۔ سول جج جگلوٹ نے مقدمے کی ابتدائی سماعت کے بعد حکم دیا کہ چونکہ محکمہ خوراک نے 29 ستمبر کے حکم میں 15 روز کی مہلت دی تھی جو 13 اکتوبر 2025 کو مکمل ہو گی، اس لیے اس مدت تک فلور ملز کے خلاف کوئی منفی حکم جاری نہیں کیا جا سکتا۔ عدالت نے مزید قرار دیا کہ انصاف کے تقاضے پورے کرنے کے لیے محکمہ خوراک کا نوٹیفکیشن معطل کیا جاتا ہے اور اس پر مزید احکامات آئندہ سماعت تک موخر رہیں گے۔ عدالت نے فریقین کو نوٹسز جاری کرنے کے احکامات دیتے ہوئے کیس کی اگلی سماعت 18 اکتوبر کو مقرر کر دی ہے۔ محکمہ خوراک نے فلور ملز کو اپنی مشینری کو بہتر بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کوٹہ معطل کیا تھا۔
فلورملز گندم کوٹے کی معطلی کے خلاف عدالت پہنچ گئیں
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل







