دیامر ڈیم متاثرین کے مسائل حل کریں گے، چیف سیکرٹری

چلاس (پ ر)چیف سیکریٹری گلگت بلتستان ابرار احمد مرزانے کہا ہے کہ متاثرین دیامر ڈیم کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے متاثرین کے تحفظات دور کرنے کیلئے تمام متعلقہ محکموں کے افسران اقدامات کریں صوبائی حکومت عوامی مسائل کے حل اور ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ شعبہ تعلیم اور صحت میں بہتری کے لیے موثر اقدامات کیے جائیں ۔ انہوںنے کمشنر دیامر استور ڈویژن اور ڈپٹی کمشنر دیامر کو ہدایت دی کہ تمام وسائل بروئے کار لا کر عوامی نوعیت کے منصوبوں پر تیزی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل نہ صرف علاقے کی خوشحالی کے لیے ضروری ہے بلکہ عوامی اعتماد کی بحالی میں بھی کلیدی کردار ادا کرے گی ایک روزہ دورے پر چیف سیکریٹری کے چلاس پہنچنے پر کمشنر دیامر استور ڈویژن خورشید عالم اور ڈپٹی کمشنر دیامر کیپٹن (ر) عطاالرحمن کاکڑ نے دیامر ریجن کے مختلف مسائل، ترقیاتی منصوبوں اور انتظامی امور کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔اس موقع پر ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز، چیف انجینئر برقیات، ڈائریکٹر ایجوکیشن دیامر استور ڈویژن، کنزرویٹر دیامر استور، ڈائریکٹر فوڈ، لوکل گورنمنٹ کے نمائندے اور دیگر محکموں کے سربراہان بھی اجلاس میں شریک تھے۔ اجلاس میں تعلیم، صحت، توانائی، بنیادی ڈھانچے کی تعمیر اور عوامی فلاح و بہبود سے متعلق جاری منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔متاثرین دیامر بھاشا ڈیم پراجیکٹ کمیٹی اور عمائدین علاقہ نے بھی چیف سیکریٹری سے ملاقات کی اور اپنے مسائل، مطالبات اور تحفظات سے آگاہ کیا۔ چیف سیکریٹری نے تمام مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی یقین دہانی کرائی دورے کے موقع پر ایڈیشنل چیف سیکریٹری گلگت بلتستان سید عبدالوحید شاہ اور چیف کنزرویٹر محمود غزنوی بھی چیف سیکرٹری کے ہمراہ موجود تھے

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں