نظام تعلیم کی بہتری کیلئے اصلاحات متعارف کرائی جارہی ہیں، شہزاد آغا

گانچھے (محمد علی عالم)صوبائی وزیر تعلیم غلام شہزاد آغا نے کہا ہے کہ اساتذہ معاشرے کی تشکیل میں بنیادی کردار ادا کرتے ہیں، جبکہ معاشرے کی تعمیر و ترقی میں ان کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ آج کا دور مقابلے اور جدت کا ہے، روایتی اور رسمی تعلیم کا زمانہ گزر چکا ہے۔ وہ محکمہ تعلیم گانچھے کے زیر اہتمام خپلو میں منعقدہ سلام ٹیچر ڈے اور سالانہ تقسیمِ انعامات کی مرکزی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ صوبائی وزیر تعلیم نے کہا کہ ایجوکیشن سیکٹر میں صوبائی حکومت نے بہتری کے لیے متعدد اصلاحات متعارف کروا کر تعلیمی نظام میں مثبت تبدیلیاں لانے کی کوشش کی ہے۔ طلبہ کو گھروں کی دہلیز پر معیاری تعلیم کی فراہمی کے لیے تعلیمی اداروں میں ضروری سہولیات فراہم کی گئی ہیں اور تمام ہائی اسکولوں میں جدید آئی ٹی لیبز قائم کی گئی ہیں۔تقریب سے ڈائریکٹر ایجوکیشن بلتستان عبدالوہاب میر اور ڈپٹی ڈائریکٹر ایجوکیشن گانچھے نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر پرچم کشائی کی تقریب بھی منعقد ہوئی۔ اختتامی سیشن میں صوبائی وزیر تعلیم سمیت دیگر مہمانوں نے نمایاں کارکردگی دکھانے والے اساتذہ کو شیلڈز اور تعریفی اسناد، جبکہ پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ میں انعامات تقسیم کیے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں