بھارتی میڈیا کا پروپیگنڈہ ،عزائم ناکام ہونگے، ترجمان حکومت

اسلام آباد (پ ر) ترجمان حکومت گلگت بلتستان فیض اللہ فراق نے انڈین میڈیا کے جھوٹے اور زہرلے پراپیگنڈہ کو مسترد کرتے ہوئے گودی میڈیا کو مذاق قرار دیا ہے ، ترجمان نے واضح کیا کہ بھارتی میڈیا نے گزشتہ دنوں گلگت میں پیش آنے والے واقعات کو انتہائی غیر ذمہ داری اور زہریلے پراپیگنڈے کے ذریعے اپنے میڈیا چینلز میں دکھایا جو کہ قابل مذمت ہے ۔ انڈین میڈیا کے زہریلے پراپیگنڈے سے صاف ظاہر ہے کہ وہ بلوچستان سے لیکر کشمیر اور گلگت بلتستان تک اپنی سازشوں کا جال پھیلانا چاہتا ہے لیکن گلگت بلتستان کے غیور عوام سبز ہلالی پرچم کی حرمت کیلئے کٹ مرنے کو تیار ہیں ، یہاں کے لالک جان شہید اور میجر وہاب شہید کی لہو رنگ قربانیوں کے کرگل کے پہاڑ اب بھی گواہ ہیں ، ترجمان نے کہا کہ بلوچستان سے لیکر کشمیر اور گلگت بلتستان تک بھارتی پراکسیز کو یہاں کے عوام ہمیشہ ہمیشہ کیلئے دفن کر دیں گے ، جج ملک عنایت الرحمن پر قاتلانہ حملہ ہوا لیکن اللہ کے کرم سے وہ محفوظ رہے جبکہ بھارتی میڈیا نے اس کی الٹ تصویر پیش کر کے اپنے جھوٹے بے بنیاد اور من گھڑت پراپیگنڈے کی گواہی دی ہے ۔ گلگت بلتستان کے عوام کے اپنے مسائل پر چھوٹے چھوٹے احتجاج اور مسلکی اختلافات ہو سکتے ہیں لیکن بھارت کے مقابلے میں یہاں کے عوام ایک مٹھی کی طرح ہیں اور بھارتی عزائم کو ملکر خاک میں ملا دیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں