عوام فرقہ واریت پھیلانے والوں کے خلاف متحد ہوجائیں،بین المذاہب امن کمیٹی

گلگت(پ ر )گلگت بلتستان و چترال و کوہستان کے امیر اہلسنت والجماعت حضرت مولانا قاضی نثار احمد پر حالیہ دہشت گردانہ حملے کی عالمی بین المذاہب امن کمیٹی پاکستان کے صوبائی ترجمان حافظ شفقت نے شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ حافظ شفقت نے اس واقعہ کو نہ صرف مولانا قاضی نثار بلکہ پورے خطے اور وہاں کے امن پر حملہ قرار دیتے ہوئے تمام مسالک، مکاتبِ فکر، عوام اور علما کو اس واقعے کے خلاف متحد ہو کر آواز بلند کرنے کا انتباہ دیا۔حافظ شفقت نے کہا کہ یہ حملہ گلگت بلتستان کے ہر فرد اور خطے کے امن پر حملہ ہے۔ ایسے عناصر گلگت بلتستان کے شمن ہیں۔ اللہ تعالی دہشت گردی کی واردات میں ملوث مجرموں کو عبرتناک انجام سے دوچار کرے۔ انہوں نے مزید کہا کہ گلگت بلتستان مزید لاشیں برداشت نہیں کر سکتا اور شہر مزید بیگناہوں کی شہادت نہیں سہہ سکتا۔صوبائی ترجمان نے مطالبہ کیا کہ زخمی ہونے والے افراد کو فی کس 20 لاکھ روپے بطور معاوضہ ادا کیے جائیں اور واقعہ کی غیر جانبدار تفتیش کر کے ملزمان کو جلد از جلد گرفت میں لا کر کڑی سے کڑی سزا دی جائے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ فرقہ واریت اور نفرت پھیلانے والوں کے خلاف متحد رہیں اور امن و امان کے قیام میں تعاون کریں۔علاج کے لیے متعلقہ حکام سے فوری طبی سہولیات فراہم کرنے اور متاثرہ خاندانوں کو فوری ریلیف دینے کا بھی مطالبہ کیا گیا۔ حافظ شفقت نے کہا کہ تمام ادارے اور سیاسی، مذہبی نمائندے مل کر امن کی بحالی کے لیے عملی اقدامات کریں تاکہ دوبارہ ایسے المناک واقعات کی راہ بند ہو سکے۔حافظ شفقت کے بقول، ہم سب کو مل کر گلگت بلتستان کو پرامن اور محفوظ خطہ بنانے کا عزم کرنا ہوگا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں