گلگت (ثاقب عمر) ڈی آئی جی گلگت رینج مرزا حسن نے کہا ہے کہ امیر تنظیم اہلِ سنت والجماعت مولانا قاضی نثار احمد پر قاتلانہ حملے کے سلسلے میں اب تک ایسے 9 سہولت کاروں کو گرفتار کر کے شامل تفتیش کیا گیا ہے جن کا اس واقعے سے کچھ نہ کچھ تعلق ہے۔کمشنر گلگت اور ڈپٹی کمشنر کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ایک حملہ آور کی لاش بھی برآمد ہوئی ہے۔ ڈی آئی جی کے مطابق واقعے کی تحقیقات بھرپور انداز میں جاری ہیں اور پولیس ہر پہلو سے تفتیش کر رہی ہے۔ڈی آئی جی گلگت رینج مرزا حسن نے پریس کانفرنس میں کہا کہ امیر تنظیم اہلِ سنت والجماعت مولانا قاضی نثار احمد پر قاتلانہ حملے کی تحقیقات کے دوران یہ انکشاف ہوا ہے کہ ایک حملہ آور کو فائرنگ کے دوران گولی لگی تھی، جس کے بعد اس کے ساتھیوں نے لاش سڑک کے کنارے پھینک دی اور موقع سے فرار ہو گئے جس کو پولیس نے قبضے میں لے لیا ہے۔ پولیس کو شبہ ہے کہ باقی ملزمان گلگت شہر کے مضافاتی علاقوں میں ہی چھپے ہوئے ہیں، جن کی تلاش جاری ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ کسی بھی بے گناہ شخص کو گرفتار نہیں کیا جائے گا۔ پولیس کا ہدف صرف اصل ملزمان کو گرفتار کرنا ہے تاکہ شہر کے امن و امان کو برقرار رکھا جا سکے۔ ڈی آئی جی کا کہنا تھا کہ واقعے میں استعمال ہونے والی ٹو ڈی گاڑی کے مالک کو گرفتار کر لیا گیا ہے، جبکہ گاڑی کے دو سابق مالکان بھی پولیس کی تحویل میں ہیں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ واقعے کے فورا بعد پولیس نے جائے وقوعہ سے متعدد شواہد اکٹھے کیے اور سی سی ٹی وی فوٹیج بھی حاصل کر لی ہے، جو تفتیش میں مددگار ثابت ہو رہی ہے۔ تاہم، چونکہ یہ ایک ہائی پروفائل کیس ہے، اس لیے تمام تفصیلات میڈیا کے ساتھ شیئر نہیں کی جا سکتیں۔ڈی آئی جی نے بتایا کہ قاضی نثار احمد نے بھی واضح طور پر کہا ہے کہ کسی بے گناہ شخص کو تنگ یا گرفتار نہ کیا جائے۔ پولیس قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے مکمل شفافیت کے ساتھ کارروائی کر رہی ہے اور کوشش ہے کہ اصل مجرموں کو جلد از جلد گرفتار کیا جائے۔ڈی آئی جی گلگت رینج نے کہا کہ اس کیس کو انتہائی سنجیدگی سے لیا جا رہا ہے کیونکہ یہ گلگت کے امن کے لیے نہایت اہمیت کا حامل ہے۔ پولیس شہریوں کے تعاون سے علاقے میں امن و امان کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے اور کسی کو بھی شہر کے امن کو خراب کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ مرزا حسن نے عوام سے اپیل کی کہ وہ افواہوں پر کان نہ دھریں اور پولیس کی جاری کارروائی پر اعتماد رکھیں۔ جلد ہی ملزمان کو گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
قاضی نثار پر فائرنگ میں ملوث ایک حملہ آور کی لاش برآمد
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل







