فاریسٹ ورکنگ پلان پرعملدرآمد میں تاخیر پر وزیراعلیٰ کااظہاربرہمی

گلگت(پ ر)وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے فاریسٹ ورکنگ پلان پر عملدرآمد کے حوالے سے منعقدہ اعلیٰ سطحی اجلاس کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مقررہ ٹائم کے مطابق ورکنگ آرڈر اور مارکنگ میں غیر ضروری تاخیر کی وجہ سے دیامر کے عمائدین اور عوام کی بے چینی میں اضافہ ہورہاہے۔ جنگلات کے تحفظ اور غیر قانونی کٹائو کے روک تھام کیلئے ورکنگ پلان کی منظوری دی گئی ہے جس میںغیر ضروری تاخیر کیا جارہاہے جو محکمے کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔ سردیوں کی آمد کے بعد ورکنگ پلان کے تحت کام کرنا ممکن نہیں لہٰذا فوری طور پر ورکنگ آرڈر اور مارکنگ کو یقینی بنائیں۔ غیر ضروری تاخیر کی وجہ سے دیامر میں مسائل پیدا ہوسکتے ہیں ۔ ورکنگ پلان پر من و عن عملدرآمد اور مقررہ مدت کے تحت اس پلان کو آگے بڑھایا جائے۔ محکمے کی جانب سے غیر ضروری تاخیر اور متعلقہ آفیسران کی جانب سے اس تاخیر کا کوئی قانونی جواز پیش نہ کرنے پر وزیر اعلیٰ نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ ورکنگ پلان پر عملدرآمد میں مزید تاخیر کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ ادھروزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے ضلع اورکزئی میں سیکورٹی آپریشن میں بھارتی حمایت یافتہ فتنة الخوارج کے 19 دہشتگردوںکو جہنم واصل کرنے پر سیکورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے جبکہ لیفٹیننٹ کرنل جنید عارف اور میجر طیب راحت سمیت پاک فوج کے جرأت مند سپاہیوں کی شہادت پر اظہار افسوس کیا۔ وزیر اعلیٰ نے شہداء کیلئے دعائے مغفرت اور لواحقین کیلئے صبر و استقامت کی دعا کی۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ سیکورٹی فورسز کے نڈر سپوتوں کی قربانیاں ہرگز رائیگاں نہیں جائیں گی۔ بھارتی حمایت یافتہ دہشتگردوں کے مذموم عزائم کو خاک میں ملا دیں گے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پاکستان کی سالمیت کو نقصان پہنچانے والے عناصر کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ پوری قوم ملک سے دہشتگردی کی عفریت کے مکمل خاتمے کیلئے پرعزم ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں