گلگت کو مثالی صاف ستھرا اور سرسبز شہر بنائیں گے،وزیر اعلیٰ

گلگت(پ ر)وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید نے کہا ہے کہ گلگت کو مثالی صاف ستھرا اور سرسبز شہر بنائیں گے۔ ٹریفک کے نظام کو بہتر بنایا جائے گا اور بہت جلد گلگت شہر کے ماسٹر پلان کو عملی جامہ پہنائیں گے۔ تمام بڑے شاہراہوں کو پیور مشین کے ذریعے میٹل کیا جائے گا۔ بجلی کی لوڈشیڈنگ کے دورانئے کو کم کرنے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کئے جائیں گے۔ بجلی کے غیر قانونی کنکشنز، سپیشل لائن اور خصوصی ٹرانسفارمرز ختم کئے جائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار وزیر اعلیٰ خالد خورشید نے اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید نے گلگت ڈویلپمنٹ اتھارٹی کو ہدایت کی کہ ویسٹ مینجمنٹ لینڈ فل سائٹ کے کام میں تیزی لائی جائے۔ گلگت کے دو بڑے کوہل کی صفائی اور دیکھ بھال کیلئے جامہ نظام وضع کیا جائے۔ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے نظام کو بہتر بنایا جائے جس کیلئے درکار وسائل کی فراہمی کیلئے پالیسی بنائی جائیگی۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید نے کہا کہ گلگت شہر میں ٹریفک کے نظام کو بہتر بنانے کیلئے فوری اقدامات کئے جائیں۔ گلگت صوبے کا ہیڈکوارٹر ہے۔ گلگت شہر کو مثالی شہر بنائیں گے۔ مرحلہ وار تمام بڑی شاہراہوں کو پیور مشین کے ذریعے میٹل کیا جائے گا۔ گلگت شہر کے ماسٹر پلان پر عملدرآمد کیلئے درکار قانون سازی کی جائے گی۔ خالد خورشید نے ہدایت کی ہے کہ گلگت ڈویلپمنٹ اتھارٹی بورڈ کا اجلاس باقاعدگی سے منعقد کیا جائے جس میں گلگت شہر کی تزین و آرائش اور بہتری کیلئے تمام سٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے فیصلے کئے جائیں۔ گلگت میں ٹرانسپورٹ کو ریگولیٹ کرنے کیلئے اقدامات کئے جائیں۔ خالد خورشید نے کمشنر گلگت کو ہدایت کی کہ فٹ پاتھ پر قائم تجاوزات کا خاتمہ کیا جائے۔ محکمہ برقیات اور ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ تمام غیر قانونی اور سپیشل لائنوں کا خاتمہ کیا جائے۔ خصوصی ٹرانسفارمرز بھی ختم کئے جائیں۔ وزیر اعلیٰ نے محکمہ برقیات کے تمام ملازمین کی چھٹیاں تین ماہ کیلئے منسوخ کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ لوڈشیڈنگ شیڈول سے عوام کو آگاہ کیا جائے۔ علمائے کرام، سول سوسائٹی اور عمائدین کے تعاون سے غیرقانونی برقی آلات کے استعمال اور بجلی کی چوری کی روک تھام کیلئے آگاہی مہم شروع کی جائے۔ گلگت اور ہنزہ میں لوڈشیڈنگ کے دورانئے کو کم کرنے کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں۔ متبادل توانائی کے ذرائع متعارف کرانے کیلئے پالیسی بنائی جائے۔ شمسی توانائی متعارف کرانے کیلئے جامع پالیسی وضع کی جائے۔ مستقبل میں بجلی کے منصوبوں کی تعمیر نالوں میں کرنے کے بجائے رن آف دی ریور منصوبوں کی تعمیر کو ترجیح دی جائے تاکہ سردیوں میں پوری جنریشن ممکن ہوسکے۔ وزیر اعلیٰ نے محکمہ تعلیم کی جانب سے دیئے جانے والے بریفنگ کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم تحریک انصاف کی صوبائی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ تعلیم کی بہتری کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے۔ ”ایجوکیشن فار آل”کی پالیسی کے تحت تعلیم کی بہترین سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ وزیر اعلیٰ نے سیکریٹری تعلیم کو ہدایت کی کہ بنیادی تعلیم پر خصوصی توجہ دی جائے۔ بنیادی نظام تعلیم کی بہتری کیلئے خصوصی اصلاحات کی جائیںگی۔ دیامر، گانچھے سمیت ان اضلاع میں جہاں پر شرح خواندگی 60 فیصد سے کم ہے شرح خواندگی کو 60 فیصد سے بڑھانے پر توجہ دی جائے۔ ضلع دیامر اور دور دراز علاقوں میں خواتین کی تعلیم پر خصوصی توجہ دی جائے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ریسرچ اور ہونہار طالب علموں کیلئے بین الاقوامی تعلیمی اداروں میں تعلیم حاصل کرنے کیلئے خصوصی سکالرشپ کی پالیسی متعارف کرائی جائے گی۔ سکولوں میں اساتذہ کی کمی دور کرنے کیلئے پی سی فور کے مطابق درکار آسامیوں کی وفاقی حکومت سے منظوری لی جائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں