ہنزہ،چپورسن میں دیواریں گر گئیں، گھروں میں دراڑیں، لینڈ سلائیڈنگ

گلگت (نمائندہ خصوصی) ہنزہ کے بالائی علاقے گوجال کی وادی چپورسن میں بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب اچانک زیر زمین زوردار دھماکے کی آواز سنی گئی جس سے پورے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ دھماکے کی شدت اس قدر زیادہ تھی کہ متعدد گھروں کی دیواریں گر گئیں، کئی مکانات میں دراڑیں پڑ گئیں اور کھڑکیاں ٹوٹ گئیں۔سوشل ورکر حیدر بدخشانی نے میڈیا سے گفتگو کے دوران بتایا کہ دھماکے کے فورا بعد پہاڑوں سے سلائیڈنگ کا سلسلہ شروع ہوگیا، جس کے باعث مقامی آبادی نے گھروں سے نکل کر محفوظ مقامات کا رخ کیا۔ ان کے مطابق لوگ سرد موسم کے باوجود کھلے آسمان تلے رات گزارنے پر مجبور ہیں۔ حیدر بدخشانی نے مزید بتایا کہ علاقے میں انٹرنیٹ اور مواصلاتی نظام انتہائی ناقص ہونے کی وجہ سے بروقت اطلاعات حکام تک پہنچانے میں مشکلات پیش آرہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ ادارے فوری طور پر ماہرینِ ارضیات کی ٹیم کو علاقے میں بھیجیں تاکہ دھماکے اور زمینی سرکا کے اصل اسباب کا تعین کیا جا سکے۔دوسری جانب مقامی عمائدین نے حکومت سے اپیل کی ہے کہ متاثرہ خاندانوں کی فوری مدد کی جائے اور چپورسن ویلی میں مواصلاتی نظام کو بہتر بنایا جائے تاکہ آئندہ کسی ہنگامی صورتحال میں لوگوں کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں