شغرتھنگ پاورپراجیکٹ اور روڈ منصوبے کے متاثرین کے مسائل حل کرنے کی یقین دہانی

سکردو (پ ر) اپوزیشن لیڈر گلگت بلتستان اسمبلی کاظم میثم نے شغرتھنگ پاور پروجیکٹ اور شغرتھنگ، استور روڈ کے منصوبے کی سائٹس کا تفصیلی دورہ کیا۔ اس موقع پر علاقے کے مختلف مکینوں اور سماجی نمائندوں نے بھی شرکت کی۔ دورے کے دوران صدر ستقچن یوتھ آرگنائزیشن اقبال خان نے اپوزیشن لیڈر کو پاور پراجیکٹ اور سڑک کے جاری تعمیراتی کاموں سے عوام کو درپیش مختلف مسائل اور مشکلات سے آگاہ کیا۔ اقبال خان نے بتایا کہ منصوبوں کے دوران بعض مقامات پر علاقہ مکینوں کی زمینیں اور آبپاشی کا نظام متاثر ہورہا ہے جبکہ دریا کے بہائو(divergence) کی سمت تبدیل ہونے سے بھی مقامی آبادی کو خطرات لاحق ہیں۔اپوزیشن لیڈر کاظم میثم نے اس موقع پر عوام کے مسائل کو توجہ سے سنا اور یقین دلایا کہ وہ اس معاملے کو متعلقہ محکموں کے سامنے موثر انداز میں اٹھائیں گے۔ انہوں نے وعدہ کیا کہ ضلعی انتظامیہ کا ایک اعلی سطحی وفد جلد شغرتھنگ کا دورہ کرے گا تاکہ مقامی لوگوں کے مسائل موقع پر جا کر سن کر ان کا حل تلاش کیا جا سکے۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومت اور اپوزیشن دونوں کا مقصد عوامی فلاح و بہبود اور ترقیاتی منصوبوں کی شفاف اور متوازن تکمیل کو یقینی بنانا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسے منصوبے تبھی کامیاب ہوں گے جب عوامی مشاورت اور مقامی ضروریات کو ترجیح دی جائے۔آخر میں صدر اقبال خان نے موضع شغرتھنگ کی عوام، عمائدین اور علمائے کرام کی جانب سے اپوزیشن لیڈر کاظم میثم کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے عوامی مسائل کو سنجیدگی سے سنا اور ان کے حل کی یقین دہانی کرائی۔ یہ دورہ مقامی سطح پر عوامی امنگوں کی ترجمانی اور ترقیاتی منصوبوں کے شفاف نفاذ کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں