ڈینگی وائرس گلگت بلتستان پہنچ گیا، دیامر میں 94کیس رپورٹ

گلگت (شکیل احمدنامہ نگار خصوصی) ڈینگی وائرس گلگت بلتستان پہنچ گیا۔ دیامر میں ڈینگی کے 94 مریض رپورٹ ہوئے جن میں 24 مریضوں میں ڈینگی وائرس مثبت پایا گیا۔ جبکہ 2 مرد اور ایک خاتون مریض ریجنل ہیڈ کوارٹرز ہسپتال چلاس میں ایڈمٹ ہوئے ہیں۔ ہسپتال ذرائع کے مطابق ہسپتال میں ڈینگی مریضوں کے علاج کی سہولیات دستیاب ہیں۔ ڈینگی سے ضلع دیامر کے 4 یونین کونسل متاثر ہوئے ہیں۔ 29 ستمبر کو ڈینگی کا پہلا کیس رپورٹ ہوا جبکہ گزشتہ روز 24 کیسز رپورٹ ہوئے. جن میں سے چلاس سٹی 10 چلاس کے کے ایچ 10 اور ہرپن داس چلاس میں 4 کیس شامل ہیں۔ اگر 29 ستمبر سے تاحال ڈینگی کیسز کا ذکر کیا جائے تو سب سے زیادہ چلاس کے کے ایچ 61 کے علاوہ چلاس سٹی 15 ہرپن داس 9 تھور 3 کھنر 2 جلیل گائوں 2 شاہین کوٹ اور بٹو گاہ میں ایک ایک کیس رپورٹ ہوئے۔ اسی طرح ہڈور، گوہر آباد، بابوسر سے بھی کیسز سامنے آئے۔ محکمہ صحت کے مطابق ڈینگی کیسز گزشتہ سال بھی رونما ہوئے تھے اور اموات بھی واقع ہوئی تھیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ ڈینگی لہر ماہ ستمبر سے نومبر تک رہتی ہے۔ ماہرین کے مطابق موسمیاتی تبدیلی کی وجہ سے خاص قسم کے مچھر جوکہ ڈینگی وائرس کا سبب ہوتا ہے گلگت بلتستان تک پھیل چکا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں