گانچھے (ملک ساقی)پاکستان مسلم لیگ (ن) ضلع گانچھے کے صدر سلطان علی خان، سابق رکن اسمبلی شیریں اختر اور کابینہ نے ضلع کے تینوں حلقوں کے پارٹی کارکنان کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ حلقہ 01 اور 02 کے ٹکٹوں کے حوالے سے زیر گردش خبروں میں کوئی صداقت نہیں۔ انہوں نے ان افواہوں کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے ان کی سختی سے مذمت کی اور واضح کیا کہ ضلعی کابینہ کو صوبائی قیادت پر مکمل اعتماد حاصل ہے تاہم اگر ضلع گانچھے کے داخلی معاملات میں ضلعی قیادت کو اعتماد میں لیے بغیر کوئی فیصلہ کیا گیا تو مسلم لیگ (ن) گانچھے کے تمام کارکنان اس فیصلے پر سخت ردعمل دیں گے۔ پریس کانفرنس میں مزید کہا گیا کہ جنرل سیکرٹری رضاالحق مدنی پارٹی معاملات کو ابتدا سے ہی مخصوص زاویے سے دیکھ رہے ہیں جو کہ افسوس ناک ہے۔انہیں ہمیشہ پارٹی کے اہم فیصلوں میں شامل رکھا گیا ہے اور آئندہ بھی مشاورت کے عمل کو برقرار رکھا جائے گا۔ انہوں نے سابق وزیر ابراہیم ثنائی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ان کی شمولیت صوبائی صدر حافظ حفیظ الرحمن کی وساطت سے ہوئی اب یہ کہنا کہ انہیں یا صوبائی صدر کو اعتماد میں نہیں لیا گیا سراسر غلط بیانی اور افسوسناک رویہ ہے۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ضلعی صدر سلطان علی خان نے مزید کہا کہ موجودہ وزیر برقیات کے بھائیوں کی مسلم لیگ (ن) میں شمولیت سے متعلق افواہوں میں کوئی صداقت نہیں۔جب تک ضلعی قیادت کو اعتماد میں نہیں لیا جاتا کسی فیصلے کو قبول نہیں کیا جائے گا۔ اس حوالے سے ایک قرارداد اعلی قیادت کو ارسال کی جا چکی ہے۔
ضلعی قیادت کو اعتماد میں لئے بغیر کوئی فیصلہ قبول نہیں،ن لیگ گانچھے
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل







