سوشل میڈیاپر منافرت پھیلانے والوں کیخلاف کارروائی کی جائے، انجمن امامیہ

گلگت (پ ر)مرکزی انجمن امامیہ گلگت بلتستان اور ہئیتِ ائمہ جمعہ و الجماعت کا ایک اہم اجلاس قائدِ ملتِ جعفریہ علامہ سید راحت حسین الحسینی کی سربراہی میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں موجودہ حساس علاقائی صورتحال، امن و امان، اور حالیہ حکومتی اقدامات کے حوالے سے تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔اجلاس میں شرکا نے کہا کہ موجودہ حالات میں یکطرفہ کاروائیاں اور بلاجواز گرفتاریاں نہ صرف افسوسناک ہیں بلکہ علاقے کے امن و استحکام کے لیے خطرناک ثابت ہو سکتی ہیں۔ اجلاس میں حکومت کی جانب سے ملت جعفریہ کے بے گناہ نوجوانوں کے خلاف کارروائیوں پر سخت تشویش کا اظہار کیا گیا۔اجلاس کے شرکا نے کہا کہ حیرت انگیز طور پر اب تک ان عناصر کے خلاف کوئی عملی قدم نہیں اٹھایا گیا جنہوں نے سوشل میڈیا اور عوامی اجتماعات میں مقدساتِ اہلبیت کی توہین اسلحہ کی کھلی نمائش کی۔ اجلاس میں اس دوہرے معیار پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا گیا کہ توہینِ مقدسات میں ملوث عناصر کو فی الفور گرفتار کیا جائے اور قانون کے مطابق سخت سزا دی جائے۔ساتھ ہی اجلاس میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ جن بیگناہ افراد کو بلاجواز گرفتار کیا گیا ہے، انہیں فورا رہا کیا جائے۔ اجلاس کے شرکا نے واضح کیا کہ اگر حکومت نے یکطرفہ رویہ جاری رکھا اور ملت کے خلاف غیر منصفانہ اقدامات بند نہ کیے تو سخت ردعمل دیا جائے گا اور آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔آخر میں قائد ملتِ جعفریہ علامہ سید راحت حسین الحسینی نے کہا کہ ملتِ جعفریہ امن و انصاف کی داعی ہے، مگر کسی بھی قسم کی ناانصافی یا امتیازی سلوک کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔ حکومتِ وقت کو ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے حالات کو مزید بگاڑنے سے گریز کرنا چاہیے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں