سانحہ کارساز کی شفاف تحقیقات نہ ہونا المیہ، امجد ایڈووکیٹ

گلگت(نمائندہ خصوصی)پاکستان پیپلز پارٹی گلگت بلتستان کے صدر و رکن اسمبلی امجد حسین ایڈووکیٹ نے سانحہ کارساز کے شہدا کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم آج بھی ان بہادر کارکنوں کو یاد کر رہے ہیں جو محترمہ بینظیر بھٹو کے قافلے میں شہید ہوئے۔ ایک بیان میں امجد حسین ایڈووکیٹ نے کہا کہ محترمہ بینظیر بھٹو نے اپنے والد شہید ذوالفقار علی بھٹو کے نقشِ قدم پر چلتے ہوئے دہشتگردوں کے سامنے سر نہیں جھکایا بلکہ اپنی جدوجہد کو جاری رکھتے ہوئے شہادت کا بلند مرتبہ حاصل کیا۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت کی بحالی اور عوامی حقوق کے لیے پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ بے مثال قربانیاں دی ہیں، جن میں سانحہ کارساز ایک تاریخی اور المناک باب کی حیثیت رکھتا ہے۔ امجد حسین ایڈووکیٹ نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سانحہ کارساز جیسے بڑے المیے کی آج تک شفاف تحقیقات نہ ہو سکیں، جو ہمارے نظام کی بدقسمتی ہے۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ ملکی سلامتی، استحکام، اور معاشی حالات کی بہتری کے لیے قربانیاں دی ہیںاور یہ قربانی دینے کا جذبہ ہی پیپلز پارٹی کی پہچان ہے۔ انہوں نے آخر میں کہا کہ محترمہ بینظیر بھٹو سانحہ کارساز کے بعد بھی اپنے مشن سے پیچھے نہیں ہٹیں اور اپنی عوامی جدوجہد کو آخری دم تک جاری رکھا یہی پیپلز پارٹی کے نظریے اور قیادت کا اصل جوہر ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں