سکردو،92طلبا و طالبات نے ڈیجیٹل اسکلز کورس مکمل کرلئے

سکردو (نمائندہ خصوصی)یوتھ ڈیجیٹل ہب کھرگرونگ میں آغا خان رورل سپورٹ پروگرام (AKRSP) کے تعاون سے ڈیجیٹل اسکلز تربیتی کورس مکمل کرنے والے نوجوانوں میں اسناد کی تقسیم کے حوالے سے ایک پروقار تقریب یوتھ ایجوکیشنل سوسائٹی کھرگرونگ کے زیرِ اہتمام منعقد ہوئی۔تقریب میں 92 طلبہ و طالبات کو ٹیسٹ میں کامیابی کے بعد سرٹیفیکیٹس سے نوازا گیا۔تقریب کے مہمانانِ خصوصی میں AKRSP کے ریجنل پروگرام منیجر راحت علی، کوآرڈینیٹر غلام محمد، پبلک اسکول اینڈ کالج کے وائس پرنسپل محمد علی، اسوہ اسکول اینڈ کالج کے پرنسپل افتخار حسین، بلتستان فارمرز ملٹی پرپز کوآپریٹو سوسائٹی کے سی ای او تقی حسرت، امتیاز صادق اور تقی آخونزادہ شامل تھے۔مہمانانِ خصوصی نے اپنے خطابات میں یوتھ ایجوکیشنل سوسائٹی کھرگرونگ کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ جدید دور میں نوجوانوں کو انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل اسکلز کی تربیت دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے ماسٹر ٹرینر اطہر کو بلامعاوضہ تربیت فراہم کرنے پر خراجِ تحسین پیش کیا۔تقی آخونزادہ نے تربیت مکمل کرنے والے نوجوانوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ نوجوان اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے روزگار کے نئے مواقع پیدا کریں۔ انہوں نے یوتھ ایجوکیشنل سوسائٹی کے نائب صدر کاچو الطاف اور ٹیم ممبران ذوالقرنین تبسم و ناصر کی کاوشوں کو بھی سراہا اور کہا کہ ان کی محنت سے ڈیجیٹل ہب ایک فعال اور کارآمد مرکز بنتا جارہا ہے۔تقی آخونزادہ نے مزید بتایا کہ AKRSP کی جانب سے تربیت یافتہ نوجوانوں کو فری لانسنگ ہب سے منسلک کرنے اور تکنیکی و مالی معاونت کے تسلسل کے اعلان پر وہ ادارے کے شکر گزار ہیں۔انہوں نے کہا کہ چونکہ کھرگرونگ محلہ میں بلتستان سمیت گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں سے لوگ مقیم ہیں، اس لیے یہ سینٹر پورے خطے کے نوجوانوں کے لیے فائدہ مند ثابت ہوگا۔آخر میں تقی آخونزادہ نے کہا کہ AKRSP اور یوتھ ایجوکیشنل سوسائٹی کے ساتھ ان کا اور دیگر احباب کا تعاون مستقبل میں بھی جاری رہے گا تاکہ سماجی و تربیتی منصوبے کامیابی سے ہمکنار ہوں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں